نواز رو نیال
رام بن // دربار موو کے تحت سرکاری دفاتر کی جموں سے سری نگر منتقلی سے قبل سکیورٹی انتظامات کو غیر معمولی حد تک سخت کر دیا گیا ہے۔ اس سال یہ عمل مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ اسی دوران سالانہ مذہبی اجتماع امرناتھ یاترا بھی متوقع ہے، جس میں لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت ہوتی ہے۔ذرائع کے مطابق، سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی مختلف یونٹس، بالخصوص 84بٹالین، کو حساس مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ شاہراہوں اور اہم راستوں پر بلا تعطل اور محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز نے قومی شاہراہ 44 کے مختلف حصوں پر ناکہ بندی اور چیک پوسٹس قائم کی ہیں، جہاں ہر آنے جانے والی گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دربار موو کے دوران سرکاری اہلکاروں، دستاویزات اور حساس ریکارڈ کی محفوظ منتقلی ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، جس کے لئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں نہ صرف زمینی سطح پر فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے بلکہ جدید نگرانی کے آلات اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بھی فعال کیا گیا ہے۔84بٹالین کے کمانڈنٹ این رنبیر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فورس ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق’’دربار موو اور امرناتھ یاترا دونوں ہی حساس نوعیت کے بڑے ایونٹس ہیں، جن کے لئے ہم نے جامع سکیورٹی پلان تیار کیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے‘‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور مختلف مقامات پر فوری ردعمل دینے والی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، مقامی پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔