سرینگر// نیشنل کانفرنس نے آئے روز دانش گاہوں کو پُراسرار طور پر خاکستر کئے جانے کے واقعات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ وقت پر زور دیا ہے کہ وہ عدالت عالیہ کے احکامات پر من و عن عمل کرکے یہ سلسلہ بند کروانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دانش گاہیں ہمارا قومی سرمایہ ہےں اور ان سے ہمارے بچے تعلیم کے نور سے منور ہوتے ہیں لہٰذا حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی فرض ہے کہ سکولوں کو آگ لگانے والوں کو بے نقاب کرنے میں اپنا رول نبھائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سکولوں کی سیکورٹی کیلئے حفاظتی دستے تعینات کئے جائیں، اگر حکومت کرفیو کے دوران وادی کشمیر کے ہر گھر کے باہر فورسز اہلکار کو تعینات کرسکتی ہے تو پھر سکولوں کی حفاظت کیلئے نفری تعینات کرنے میں کیوں دیری لگائی جارہی ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ سکولوں سے ہی ہماری نئی نسلوں کو خود اعتمادی، عزت اور روز گار کمانے کی ترغیب ملتی ہے ، اس لحاظ سے سکولوں کیخلاف سازش ہمارے بچوں کے مستقبل کیخلاف براہ راست سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کو پُراسرار طور پر نذر آتش کرنے کا سلسلہ اگر فوری طور پر بند کرانے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ہمارے بچوں کے مستقبل کا خدا ہی حافظ ہے۔ معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ سکول نذر آتش ہونے کی ہر خبر موجودہ حکومت کی غفلت شعاری اور نااہلی کا پیغام لیکر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے پناہ قربانیوں، محنت اور لگن کے بعد ریاست بھر میں مستحکم تعلیمی ڈھانچہ کھڑا کیا گیا اور آج کل جس طرح سے آئے روز تعلیمی اداروں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ، وہ براہ راست ماضی میں دی گئی قربانیوں کو رائیگان کرنے کی مذموم کوشش ہے۔