دارالعلوم المدنیہ لولاب میں سیرت کانفرنس منعقد

کپوارہ//وادی لولاب کے لالپورہ علاقہ میں قائم دارالعلوم المدنیہ میں ایک سیرت کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کے لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مقتدر علماءبھی موجود تھے ۔اس موقع پر دارالعلوم کے سر پرست اور بانی مولاناغازی حسین مکی نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے اور دینی تعلیم ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہئے ۔ دارالعلوم میں پیر کو ایک تقریب کے دوران قرآن پاک حفظ کرنے کے اعزاز میں7طالبات کے سر پرستو ں کی دستار بندی کی گئی ۔تقریب میں مولانا محمد شفیع مکی ،سید محمد اقبال اندرابی ،مولوی فارق احمد قاسمی کے علاوہ دیگر علماءنے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ ہر مسلمان کو قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگی گزارنی چاہئے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ دینی تعلیم اولین ترجیحات میں شامل ہونی چایئے۔اس موقع پر مولانا حافظ فاروق قاسمی کو ادارے کا نگراں مقرر کیا گیاجبکہ جہانگیر لولابی کو دارالعلوم کا خصوصی معاون نامزد کیا گیا ۔