سری نگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے یہاں ٹریول اینڈ ہاسپیلٹی سیکٹر سے جڑے کئی وفود کے ساتھ ملاقات کی اور ان سے ان کے مسائل اور تجاویز کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔جن وفود نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی ان میں کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ، ٹریول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیر ، ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن ، جموں اینڈ کشمیر ٹورازم لائنز ، ایسوسی ایشن آر کشمیر ٹوراوپریٹرس، پلگرم اینڈ لیجر ٹور اوپریٹرس فورم ، ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا ۔ جے کے چپٹر ، اربن ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن ، ٹورسٹ ٹریڈ انٹرسٹ گلڈ ، کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسو سی ایشن ، کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اونرس فیڈریشن ،ایڈونچر ٹور اوپریٹرس اینڈ کشمیر اور شکارہ اونرس ایسو سی ایشن شامل ہیں۔اس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی اور کئی دیگر افسران بھی موجو دتھے۔وفود نے سیاحتی سیکٹر سے جڑے معاملات کو اُجاگر کیااور اس صنعت کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے اپنی اپنی تجاویز مشیر کے سامنے رکھیں۔انہوں نے ملک اور بیرون ملک میں ایک جامع تشہیر ی مہم چلانے پر بھی زور دیا تاکہ کشمیر سے متعلق ایک مثبت پیغام کو عام کیا جائے اور یہ بات باور کرائی جانے کہ کشمیرایک محفوظ سیاحتی مقام ہے ۔انہوںنے کہا کہ کشمیر سے متعلق پیدا کئے گئے منفی تاثر کو دور کرنے کے لئے ایک قومی پی آر ایجنسی کی خدمات حاصل کی جانی چاہئیں ۔وفودنے ملک کے اہم شہروں بشمول احمد آباد اور کولکتہ کو جموں کے ساتھ جوڑنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ اعلیٰ معیار کے سیاحوں کو راغب کیا جاسکے ۔وفود نے کہا کہ سری نگر ہوائی اڈے پر شبانہ پروازیں شروع کرنے سے زیادہ زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی اور ہوائی کرایوں کو اعتدال میں رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ٹور اوپریٹروں نے مزید کہا کہ فلم سازوں کو اجازت صرف ٹورازم دفتر میں ہی جاری کی جانی چاہئے نہ کہ سیکرٹریٹ میں ۔مشیر نے ناظم سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ کشمیر میں شوٹنگ کرنے کے خواہاں فلم سازوں کے حق میں اجازت نامے جاری کریں۔وفود نے سیاحتی سیکٹر پر جی ایس ٹی کے اثرات کو بھی اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سیاح ٹیکس سے مستثنیٰ صنعت بنانے کا معاملہ جی ایس ٹی کونسل کے ساتھ اُٹھایا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ڈیولپمنٹ سکیموں کے ذریعے تشہیری سرگرمیوں کے لئے مراعات فراہم کئے جانے چاہیئے ۔ وفود نے کہا کہ انہیں ہوٹلوں کی غیر زمرہ بندی سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں زمرہ بندی کے اعتبار سے ہوٹل کرایوں میں معقولیت لائی جانی چاہیئے ۔خورشید احمد گنائی نے وفود کے مسائل اور تجاویز غور سے سنے اور یقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ محکمہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ملک اور بیرون ملک ایک جامع تشہیری مہم شروع کرے گا۔