جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے جے کے گورننس گریوینس سیل کے تحت حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر آج یہاں عوامی معاملات سنیں۔خاصی تعداد میں سماجی کارکنوں ، ملازمین انجمنوں کے نمائندوں ، دیہی علاقوں کے وفود اور انفرادی سطح پر درجنوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنے اپنے مسائل مشیر موصوف کی نوٹس میں لائے اور انہیں حل کرنے میں ان کی مداخلت طلب کی۔ان وفود میں ہارٹیکلچر ڈیولپمنٹ افسر، ایگریکلچر گزیٹیڈ افسر ، رنگ روڑ کسان سنگرش سمیتی ، فوٹو ایسو سی ایشن باغ بہو، جنرل لائن ٹیچرس، مائیگرنٹ ملازمین ،بی جے پی ٹیکا لال ٹپلو منڈل ، بائیو ٹیکنالوجی گریجویٹس ، سمودھان این جی او ، گاندھی نگر ریذیڈنٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن ، باڈر ائیریا پیپل ایسو سی ایشن ، مائیگرنٹ پی ڈی ڈی ملازمین او رکئی دیگر وفود شامل تھے۔ وفود نے اپنے مطالبات اور مسائل خورشید گنائی کے سامنے رکھے۔انہوں نے یہ مسائل غور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔مشیر نے خاص طور سے ان کے ماتحت محکموں سے جڑے مسائل کا جائزہ لیااور یقین دلایا کہ حکومت لوگوں کے طرف سے اُجاگر کئے گئے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ مسائل کو متعلقہ محکموں تک بھیجاجائے گا۔اس سے پہلے خورشید گنائی نے مختلف محکموں کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدرت کی اور ان کے کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ سرکاری دفاتر میں آدھار پر مبنی بائیو میٹرک حاضری پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیئے ۔کلیدی محکمو ں کے کام کا ج کاجا ئزہ لیتے ہوئے انہوں نے بجلی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ گرمی کے ان ایام کے دوران لوگوں کو بلا خلل بجلی فراہم کریں۔خورشید گنائی نے جموں کے ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کو ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کریں۔صوبے میں پارکوں اور باغات کے رکھ رکھائو پر زو ردیتے ہوئے انہوں نے ڈویژنل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ میٹنگوں کا انعقاد کر کے ان مقامات کے بہتر رکھ رکھائو کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سومو ار23جولائی 2018 کو صبح 10بجے سے 12بجے تک کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میں لوگوں کے مسائل سننے کے لئے دستیاب رہیں گے۔