ریاسی//ضلع ریاسی کے دور دراز علاقہ جات میں کئی ایک خوبصورت جگہیں ہیں تاہم یہ علاقے محکمہ سیاحت کی نظروں سے اوجھل ہیں۔سب ڈویڑن مہور کے درجنوں مقامات جن میں لپری ٹاپ،اچنی،سنگڑی،سونا بگا،دیول مرگ،انسی ٹاپ،تھائی مرگ، اڑیتل، نکن ٹاپ،آگشی،لیون گلی وغیرہ سیروتفریح کے لحاظ سے اعلیٰ درجہ رکھتے ہیں۔اگرچہ گول گلابگڑھ کو قدرت نے اپنے حسن جمال سے نوازا ہے اور گول گلابگڑھ کی حسین پہاڑیاں اپنی مثال خود بیان کرتی ہیں لیکن اس علاقہ کی طرف کبھی بھی کسی حکومت کی جانب سے اس علاقہ کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے توجہ نہیں دی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بدقسمتی کی بات تو یہ ہے کہ ریاسی کے دور دراز علاقہ جات میں سڑک کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ جات پچھڑے ہوئے ہیں اور ان مقامات کی خوبصورتی کی کوئی قیمت نہیں ہے۔علاقہ میں درجنوں ایسے خوبصورت مقامات ہیں جہاں پر دور دور سے سیاح ا?سکتے ہیں لیکن سڑک کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اس علاقہ کی خوبصورتی کا کوئی علم نہیں ہے۔علاقہ گلاب گڑھ کے دیول مرگ،تھائی مرگ،آگشی،اڑیتل،نکن ٹاپ،انسی ٹاپ وغیرہ خوبصورت ہیں یہاں ہر طرف میدان اور چاروں طرف خوبصورت پہاڑیاں دیکھنے کو ملتی ہے اور موسم صاف ہونے کے دوران ان جگہوں پر دلکش نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔