محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع راجوری کی تحصیل خواص کے پنچایت حلقہ گونڈی کے وارڈ نمبر 7، کھوڑنا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چند روز قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی لاش پیر کی صبح مقامی علاقے سے برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت خان میر ولد جمعہ لمبردار، ساکن کھوڑنا، کے طور پر کی گئی ہے۔خان میر گزشتہ کچھ عرصے سے لاپتہ تھے، جس کے بعد اہل خانہ اور مقامی افراد ان کی تلاش میں مصروف تھے۔ پیر کی صبح مقامی لوگوں نے علاقے میں ایک لاش دیکھی، جس کی شناخت بعد ازاں خان میر کے طور پر ہوئی۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس حکام کو دی گئی، جس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس نے موقع کا معائنہ کرنے کے بعد ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ لاش کو دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے اور ضروری جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ اور حالات کا پتہ چلایا جا سکے۔ ابتدائی طور پر کسی بھی امکان کو خارج نہیں کیا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔ذرائع کے مطابق اس واقعے کے باوجود علاقے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے اور کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ یا قانون و نظم کا مسئلہ پیش نہیں آیا۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس مسلسل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ افواہوں پر توجہ نہ دیں بلکہ کسی بھی معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔علاقے کے لوگوں نے خان میر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کیے جانے کی توقع ہے۔