راجوری //ضلع راجوری کے خواص علا قہ کے تحت آنے والی پنچایت بائی نمبل کی عوام نے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت کی تعمیر و ترقی کیلئے سی ڈی بلاک تبدیل کیا جائے ۔اس وقت مذکورہ پنچایت میں سڑک کی خستہ حالی ،ودیگر بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تاہم متعلقہ محکموں او ر مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہیں ۔مقامی سرپنچ محمد اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 2600سے زائد آبادی والے گائوں میں اس وقت 350سے زائد کنبے آباد ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ پنچایت میں 2012میں ایک پنچایت گھر تعمیر کرنے کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن ابھی تک مذکورہ عمارت کومکمل نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے پنچایتی اراکین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔انہوںنے کہا کہ اسی طرح دیگر تعمیر اتی کاموں اور رابطہ سڑک کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پورے گائوں میں سے 20سے 25گھر ایسے ہیں جن کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جارہا ہے جبکہ دیگر کنبے دور دراز سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں تاہم پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں نئی اسکیم ابھی مکمل نہیں کی گئی ۔اس پنچایت میں 2012میں پی ایم جی ایس وائی اسکیم کے تحت سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تھی جو کہ ابھی تک صرف 2کلو میٹر تک ہی تعمیر کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پنچایت کا سی ڈی بلاک خواس کو تبدل کر کے بدھل میں رکھا جائے تاکہ تعمیر اتی کاموں کی جانب توجہ دی جاسکے ۔