بارہمولہ// بارہمولہ کے فرستہ ہار خواجہ باغ میں پھیرن پہنے ہوئے نامعلوم افراد نے ایک رہائشی مکان میں گھس کر چوری کرکے 1 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور35 ہزار روپے نقدی لوٹ لئے۔ مظفر احمد راتھر ولد حبیب اللہ راتھر نامی ایک دوا فروش نے بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو چار افراد جو پھیرن پہنے ہوئے تھے ،نے میرے رہائشی مکان میں گھس کر ہمارے فون چھیننے کے علاوہ پورے کنبے کو ایک کمرے میں بند کردیا۔جس کے بعد انہوں نے ہم سے کھانا اور رقم طلب کی اور جنگجو ہونے کا بہانہ کیا تاہم ہم نے انہیں بتایا کہ ہم کھاناکھا چکے ہیں۔ پھر انہوں نے ہمیں ایک کمرے میں بند کردیا اور ہمارے پورے گھر کی تلاشی لی۔ جس کے بعدان لٹیروں نے 35 ہزار روپے اور سونے کے زیورات چرالئے۔مظفر احمد کے مطابق انہوں نے چوری کے واقعے کی اطلاع پولیس تھانہ بارہمولہ کو دی ہے اور امید ہے کہ پولیس تفتیش کے بعد حقیقت سامنے لائے گی۔ اس سلسلے میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر بارہمولہ غضنفر حسین نے بتایا کہ پولیس نے ایک ایف آئی آر زیرنمبر2021 /36 درج کرلیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کچھ افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے بلایا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔