نئی دہلی// وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے سی آر پی ایف کو خواتین کی بحالی کے لئے خصوصی مہم چلانے کو کہا ہے جس سے خواتین کو فورس میں 33 فیصد ریزرویشن دئے جانے کا نشانہ پورا کیا جاسکے ۔ مسٹر سنگھ نے آج غازی آباد میں مرکزی انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے 49 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد تقریب میں پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ فورس کو سائبر حملہ سے نپٹنے کے لئے سائبر حفاظتی منصوبہ کو پختہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ڈاٹا چوری ، ہیکنگ اور سائبر جرائم نے صنعتی سکیو رٹی میں ایک نیا باب شامل کردیاہے ۔ اس بدلتے ہوئے منظر نامے کو دیکھتے ہوئے وزارت داخلہ میں حال ہی میں سائبر اور سکیورٹی اطلاع محکمہ کو شامل کیا گیا ہے ۔ ہوائی اڈوں اور دیگر اداروںکی چاق و چوبند حفاظت کے لئے انھوں نے سی آئی ایس ایف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے ساتھ نرمی برتنا اچھی بات ہے ۔ لیکن سیکورٹی کے معاملے میں کسی طرح کی نرمی نہیں برتی جانی چاہئے ۔ کیونکہ نرم ہونا اور چوکسی برتنا دونوں الگ الگ چیزیں ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آنے والے کچھ سالوں میں ملکی معیشت 5 کھرب ڈالر کے اعداد و شمار کو پار کر جائے گی ۔ایسے میں ہوائی اڈوں ، میٹرواور تیز رفتار ریلوں کے ڈھانچے میں بھی تبدیلی لانی ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ سی آئی ایس ایف خلائی ریسرچ تنظیموں اورجوہری آلات سمیت ملک کے دیگر تمام ملکی اہمیت کی حامل شعبے کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہی ہے ۔ اس لئے ملکی ترقی میں اس کا رول کافی اہم ہے ۔
مسٹر سنگھ نے اس موقعے پر قابل تعریف کارنامہ انجام دینے والے فوجیوں اور افسران کو میڈل سے نوازا۔ انھوں نے سی آئی ایس ایف کی کافی ٹیبل بک کا بھی اجرا کیا ۔یواین آئی