خواتین کیلئے مخصوص جموں کشمیر بنک شاخ کا افتتاح

سری نگر/ریاست کی خاتونِ اول اوشا ووہرا نے ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ایک تقریب کے دوران خواتین کیلئے مخصوص جموں کشمیر بنک کی شاخ کا آن لائین افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر بنک کے چئیر مین پرویز احمد بھی موجود تھے ۔ اوشا ووہرا نے بنک کی جانب سے ترتیب دی گئی خواتین کیلئے کئی خدمات کا بھی افتتاح کیا ۔ جن میں پنک گولڈ سیونگ سکیم ، پنک پلیٹنم سیونگ سکیم ، خواتین کیلئے صنعتکاری کی قرضہ سکیم ، پنک گولڈ ڈیبٹ کارڈ اور پنک پلیٹنم کریڈٹ کارڈ شامل ہیں ۔ بنک کی اس شاخ کیلئے تعینات کی گئی 13 خواتین سٹاف ممبران کو اوشا ووہرا نے خاص بیج پیش کئے ۔ خواتین صنعتکاروں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کیلئے بنک کی سراہنا کرتے ہوئے اوشا ووہرا نے بنک کے چئیر مین اور اُن کے عملے کو مبارکباد دی ۔ اوشا ووہرا نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کئی شعبوں میں کام کے تعلق سے خواتین کی تعداد میں کمی درج کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کام کی جگہوں پر خواتین کو ایک مناسب ماحول فراہم کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ایسے اقدامات لازمی ہیں ۔ ملک کی اقتصادیات میں بہتری لانے کیلئے خواتین کے رول کو بروئے کار لانے کیلئے حکومت کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے اوشا ووہرا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کام کرنے والی خواتین کیلئے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ جیسی کئی فلاحی سکیمیں شروع کی ہیں ۔ اوشا ووہرا نے غیر روائتی شعبوں میں خواتین کو سکل ڈیولپمنٹ تربیت فراہم کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ خواتین کی قرضہ درخواستوں پر کوئی کاروائی نہیں کی جاتی ہے ۔ اوشا ووہرا نے زور دے کر کہا کہ بنکوں کو چاہئیے کہ وہ خواتین صنعتکاروں کو قرضے کی صورت میں مالی معاونت فراہم کرے ۔ اوشا ووہرا نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر بنک خواتین کو اقتصادی طور خود مختار بنانے کیلئے اقدامات کرتا ہے تو بنک کی کارکردگی میں یقینی طور بہتری آئے گی ۔ بنک کے چئیر مین پرویز احمد نے اپنے افتتاحی خطبے میں بنک کے اُن اقدامات کا خلاصہ کیا جو خواتین کی بہبودی کیلئے اٹھائے جا  رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جواہرنگرمیں خواتین کے مخصوص بنک یونٹ کاقیام باعث فخر بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں کشمیربنک سماج کے خواتین سمیت تمام سماجی زمروں کی ترقی کاخواہشمندہے ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین قابل عزت اوراحترام ہیں کیونکہ ایک خاتون نے پیغمبروں، سنتوں، بادشاہوں ،صدوراورپرائم منسٹروں تک جنم دیاہے۔انہوں نے سماج کی ترقی میں خواتین کے رول پربھی خیالات کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ خواتین بنکوں میں بھی خدمات انجام دے کراپنارول اداکررہی ہے جوکہ ادارے کیلئے باعث فخرہے۔ جموں کشمیر بنک کی پرذیڈنٹ رجنی سراف نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ بنک کی زونل ہیڈ تبسم نذیر نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔ ویمی چودھری نے نظامت کے فرایض انجام دئیے ۔ بعد میں شائستہ حمید ، منیر احمد میر اور ریحانہ اختر نے صوفیانہ کلام پیش کیا ۔