نئی دہلی// (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں ایک بے مثال تبدیلی آئی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین خود اب ملک میں تبدیلی اور ترقی کی کوششوں کی قیادت کر رہی ہیں۔اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے دوران قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے بتایا کہ چاہے وہ اسکل انڈیا ہو، سیلف ہیلپ گروپس ہوں یا چھوٹی اور بڑی صنعتیں، خواتین ہر جگہ قیادت کر رہی ہیں۔ جدھر دیکھو عورتیں پرانی روایات کو توڑ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے ملک میں خواتین پارلیمنٹ سے لے کر پنچایت تک مختلف شعبوں میں نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہیں۔ فوج میں بھی اب بیٹیاں نئے اور بڑے کرداروں میں ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں اور ملک کی حفاظت کر رہی ہیں۔ پچھلے مہینے یوم جمہوریہ پر ہم نے بیٹیوں کو بھی جدید لڑاکا طیارے اڑاتے دیکھا۔ ملک نے سینک اسکولوں میں بیٹیوں کے داخلے پر پابندی بھی ہٹا دی ہے اورپورے ملک کے فوجی اسکولوں میں بیٹیاں داخلہ لے رہی ہیں۔ مودی نے کہا کہ ملک میں ہزاروں نئے اسٹارٹ اپس شروع ہوئے ہیں۔ ان میں سے تقریباً نصف میں ڈائریکٹر کے کردار میں خواتین ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ماضی قریب میں خواتین کے لیے زچگی کی چھٹی بڑھانے جیسے فیصلے کیے گئے ہیں۔ ملک بیٹوں اور بیٹیوں کو مساوی حقوق دے کر شادی کی عمر کو برابر کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ہر شعبے میں خواتین کی شرکت بڑھ رہی ہے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ 'بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ' کی کامیابی سے ملک میں جنسی تناسب میں بہتری آئی ہے۔ اسکول جانے والی لڑکیوں کی تعداد میں بھی بہتری آئی ہے۔ اس میں ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہماری بیٹیاں درمیان میں اسکول نہ چھوڑیں۔انہوں نے بتایا کہ تین طلاق جیسی سماجی برائیاں بھی ختم ہو رہی ہیں۔ جب سے تین طلاق کے خلاف قانون نافذ ہوا ہے، ملک میں تین طلاق کے معاملات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔
خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں بے مثال تبدیلی:مودی
