کشتواڑ// سینئر سماجی کارکن اور ممتاز سیاسی رہنما اجیت بھگت نے جموں و کشمیر اسمبلی میں خواتین کے لیے 33 فیصد نشستیں ریزرو کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجیت بھگت نے مرکز سے اس سلسلے میں مناسب اقدام اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مختلف سیاسی جماعتوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کا نعرہ دیا تھا لیکن کسی نے بھی اس سلسلے میں ضروری قدم اٹھانے کی ہمت نہیں کی۔بھگت نے بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم کی فوری توجہ طلب کی تاکہ خواتین کے لیے 33% سیٹوں کے ریزرویشن کے ساتھ جلد از جلد حد بندی کی راہ ہموار کی جا سکے۔اجیت بھگت نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے پی ایم مودی کے نعرے صرف اسی صورت میں نتیجہ خیز اور معنی خیز ہوسکتے ہیں جب خواتین کو جمہوری اداروں میں ان کا مناسب حصہ دیا جائے۔اجیت بھگت نے کہا کہ جب خواتین کو اربن لوکل باڈیز اور پنچایتوں میں اس طرح کا ریزرویشن دیا گیا ہے، تو انہیں اسمبلی میں مذکورہ سہولت سے محروم کرنا انتہائی ناانصافی ہے۔