نئی دہلی//یو این آئی// ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کی خواتین کھلاڑیوں کی شکایت پر دہلی پولیس نے جمعہ کو سپریم کورٹ کے سامنے کہا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی ۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور پی ایس نرسمہا کی بنچ کے سامنے دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ شکایت کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے گی۔بنچ نے سالیسٹر جنرل کا بیان درج کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں، خاص طور پر ایک نابالغ کی حفاظت کے پہلوؤں کے مدنظر اس معاملے پر اگلے ہفتے مزید سماعت کی جائے گی ۔عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت کے سامنے عرضی گزاروں کی سیکورٹی کا معاملہ اٹھایا۔سپریم کورٹ نے منگل کو سات خواتین پہلوانوں کی درخواست پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ “سنگین الزامات” ہیں۔جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے مسٹر سبل کے دلائل پر غور کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاملہ سات خواتین پہلوانوں کے جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق ہے جن میں ایک نابالغ بھی شامل ہے ۔مسٹر سبل کی عرضیوں سے اتفاق کرتے ہوئے بنچ نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو کرے گی۔عدالت عظمیٰ نے یہ بھی ہدایت کی تھی کہ رٹ پٹیشن میں پہلوانوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے درخواست گزاروں کے ناموں میں ترمیم کی جائے گی۔ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ اور دیگر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور دہلی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دینے کی درخواست کی تھی۔