جموں //جموں سے تعلق رکھنے والے دونوجوان بہن بھائی سائنسدانوں کوانڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن کیلئے منتخب کیاگیاہے ۔سواپنیلا آچاریہ اور سواپنیل آچاریہ دونوں ہی جموں و کشمیر پبلک سکول میں گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں جنہیں ملک بھر سے منتخب ہونے والے110اُن طلباء میں سے منتخب کیاگیاہے جو یوول وگیان کریاکرم (ینگ سائنٹسٹ پروگرام )2019کیلئے کامیابی حاصل کرپائے ہیں ۔یہ پروگرام وزیر اعظم نریند رمودی کی طرف سے نوجوان نسل کی خلائی سائنس میں دلچسپی کیلئے متعارف کروایاگیاہے ۔حال ہی میں اختتام کو پہنچنے والے اسرو پروگرام کے دوران دونوں نوجوان بھائی بہن کو متعدد لیبارٹریوں میں جانے اور وہاں سائنسدانوں سے ملاقات کا موقعہ ملا ۔انہیں ستیش دھون سپیس سنٹر بھی لیجایاگیا جہاں سے چندریان 2کو 15جولائی کو مشن پر بھیجاجائے گا۔اس کے علاوہ انہیں سیٹلائٹ لانچ بیس بھی دکھایاگیا۔سواپنیلا نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ چندریان 2کے حوالے سے بہت زیادہ تجسس رکھتی ہیں ۔ان کے بھائی نے کہاکہ انہوں نے وہ جگہ بھی دیکھی جہاں سے چندریان 2کوخلا میں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ انہیں لانچنگ کنٹرول یونٹ اور مین کنٹرول یونٹ بھی دکھایاگیا جہاں سے مشن کو کنٹرول کیاجائے گا۔ ان کاکہناتھاکہ یہ ملکی سطح کا مقابلہ تھا جس میں کامیابی حاصل کرنا آسان کام نہیں تھالیکن ان کی مسلسل محنت نے انہیں فائدہ دیا اور وہ نوجوان سائنسدانوں کی قیادت میں شامل ہوئے ۔بہن بھائی کی ماں سرمستا آچاریہ نے کہاکہ دونوں بہن بھائی تب سے خلائی سائنس کے تئیں بہت زیادہ متوجہ تھے جب سے وہ میزائل مین اور سابق صدر ہندڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سے 2014میں چلڈرن سائنس کانگریس کے دوران جموں میں ملے اور آج انہیں لگتاہے کہ ان کے خوابوں کی تعبیر ہورہی ہے ۔