بانہال+ڈوڈہ+کشتواڑ// جموں سرینگر شاہراہ پر واقع ضلع رام بن کے قصبوں میں 64 گھنٹوں کا ہفتہ وار لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور اس کا مکمل نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔ جمعہ کی دوپہر دو بجے سے شاہراہ پر واقع بانہال، ٹھٹھاڑ ، نوگام ، رامسو ، مکرکوٹ ، رام بن، چندرکوٹ اور بٹوت کے علاوہ کھڑی اور گول سنگلدان کے علاقوں میں بھی ہفتے کے روز بھی لاک ڈاؤن کا نفاذ سختی سے عمل لایا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پورے ضلع کے قصبوں میں تاجر برادری اور دہاڑی دار ریڑھی والے 64 گھنٹوں کے طویل دورانیہ کے ہفتہ وار لاک ڈاؤن سے ناخوش ہیں۔ کئی دکانداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کاروباری سرگرمیوں کے ٹھپ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے کام متاثر ہورہے ہیں اور تاجروں کو بھی نقصانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے علاوہ ضلع رام بن کے تمام بازاروں میں ماسک کا سختی سے نفاذ عملانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے عام لوگوں کو انتظامیہ کے ساتھ ساتھ دکانداروں کا بھی تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 64 گھنٹوں کے ہفتہ وار لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکانداروں کو ایک مہینے میں قریب گیارہ دن کے کام کاج سے محروم ہونا پڑتا ہے جس کی وجہ سے بنکوں سے لون لینے والے دکانداروں کو ماہانہ قسطوں کا جٹانا نا ممکن ہوگیا ہے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرف توجہ دیں تاکہ پچھلے تین سال سے متاثرہ دکانداروں کو مزید مصائب اور مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ادھرڈوڈہ ضلع میں ہفتہ وار کورونا کرفیو کے سلسلے میں سنیچرکو ایمرجنسی سروسز کو چھوڑ کر باقی ہر طرح کی تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں۔اطلاعات کے مطابق کوؤڈ 19 کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں سبھی کاروباری ادارے بند رہے تاہم ایمرجنسی سروسز معمول کی طرح بحال رہیں۔اس دوران جہاں مزدور طبقہ پریشان رہا وہیں ضلع کے بیشتر علاقوں سے لوگوں نے الزام لگایا کہ ٹاٹا سومو چلا رہے ڈرائیور مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں سے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زیادہ کرایا وصول کر رہے ہیں۔ماجد حسین نامی ایک مزدور نے کہا کہ دہاڑی لگا کر شام کو گھر کے لئے خرچ لیتا ہوں لیکن کورونا کرفیو کے سلسلے میں بندشیں عائد رہیں جس کے نتیجے میں قصبہ میں کام کاج نہیں ملتا ہے۔کورونا کرفیو کے نفاذ کے لئے پولیس و ایس ایس بی کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے جبکہ عسر، پل ڈوڈہ و دیگر مقامات پر ویکسی نیشن و ٹیسٹنگ کا عمل بھی جاری رہا۔اس دوران ہفتہ وار کورونالاک ڈائون کے دوسرے روز ضلع کشتواڑکے مختلف مقامات پر لاک ڈائون کا ملاجلا ردعمل دیکھنے کو ملا۔جہاں قصبہ کے اندرو ا طراف میں ضروری اشیا ء کی دوکانیں کھلی رہیں وہی دوسری طرف لوگوں کی چہل پہل بھی دیکھی گئی۔ اگرچہ چند دکانیں بند تھیں لیکن باوجود اسکے بڑی تعداد میں بازاروں کے اندر لوگوں کی آواجاہی دیکھنے کو ملی۔جبکہ دن بھر گاڑیوں کی آواجاہی جاری رہی۔ صبح کے وقت دوکانیں بند تھی تاہم بعد دوپہر متعدد دوکانیں کھل گئیں۔ دیگر مقامات پر بھی ملاجلاردعمل دیکھنے کو ملا۔