خطہ چناب : پنچایتی انتخابات کے پانچویںمرحلہ میں بھاری پولنگ

رام بن

ایم ایم پرویز

 ریاست میں پنچایتی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے انتخاب میں ضلع رام بن کے بٹوت اور راجگڑھ کے دو بلاکوں میں آج سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ صبح آٹھ بجے سے دو بجے تک ووٹ ڈالے گئے ۔ صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنوں پر لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں اور صبح بارہ بجے تک ستر فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے ۔ دو بجے دونوں بلاکوں میں ووٹنگ کا سلسلہ بند ہوا اور اس طرح سے 52سرپنچوں اور165پنچوں کے لئے لوگوں نے اپنی رائے دہندگان کا استعمال کیا ۔20,177 ووٹران میں سے 17,193  نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔دونوں بلاکوں میں85.21فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ ڈی پی او رام بن شوکت اعجا ز بٹ ،جو کہ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بھی ہیں ،کے مطابق بٹوت بلاک میں13508 ووٹروں میں سے  11478ووٹروں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا، جو کہ کل ووٹوں کا  84.97  فی صد ہے ، جبکہ راج گڑھ میں کل 6669 ووٹوں میں 5715  ووٹ ڈالے گئے، جو کہ کل ووٹوں کا 85.70 فیصد ہے۔ سرپنچوں کی 12سیٹوں اور پنچوں کی 88سیٹوں کے لئے بٹوت بلاک میں سرپنچ کی اسامیوں کیلئے 46 ۔امید وار اور پنچوں کی اسامیوں کیلئے 162 میدان میں تھے ،جبکہ راج گڑھ بلاک کے لئے سرپنچوں کی اسامیوں کیلئے46 اور پنچوں کی اسامیوں کیلئے 86 امیدوار میدان میں تھے۔ بٹوت اور راج گڑھ بلاک میں بالترتیب 19 اور 10  امیدوار بلا مقابل کامیاب قرار دئے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ ، اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین ، ایس ایس پی رام بن انیتا شرما ،اے ایس پی سنجے پریہار ،ایس ڈی ایم ضمیر ریشو اور بعض الیکشن بوتھوں کا معاینہ کیا۔پولنگ اختتام پذیر ہونے کے فوراً بعدووٹوںکی گنتی شروع کی گئی۔

ریاسی

زاہد ملک 

 ریاسی //پنچایت الیکشن کے پانچویں مرحلہ میںضلع کے ارناس اور بھموگ بلاکوں میں جمعرات کو ووٹرں کی بھاری تعداد نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پر امن اور شفاف پولنگ کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ انتخاب مکمل ہونے کے بعد ووٹ شماری کی گئی اور نتائج بھی ہفتہ کے روز ہی جاری کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ارناس اور بھموگ بلاکوں میں بالترتیب  88.38 فیصد اور 90.40  فیصد ووٹران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ جہاں پرارناس بلاک کے کل 17828 رجسٹرڈ ووٹروں میں 15758 ووٹروں نے ووٹ ڈالے،جبکہ بھموگ بلاک کے کل 9776 ووٹروں میں سے   8838 ووٹروں نے اپنے ووٹ ڈالے۔ متعدد بزرگ ووٹران کو اپنے اہل خانہ نے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالنے کے لئے پہونچایا ۔110سال کے بزرگ محمد کالو نے پولنگ اسٹیشن بریلی،پنچایت ہنڈر، بلاک ارناس میں اپناووٹ ڈالا، اسی طرح سے بلاک ارناس کے سرمیگہن پولنگ اسٹیشنوں میں 92اور90سال کی دو خواتین نے بھی اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔  

ڈوڈہ 

نصیر احمد کھوڑا

پنچایت الیکشن کے پانچویں مرحلہ میںضلع کے تین بلاکوںعسر، کھیلانی اور مرمٹ میں ووٹرں کی بھاری تعداد نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پر امن اور شفاف پولنگ کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ انتخاب مکمل ہونے کے بعد ووٹ شماری کی گئی۔ عسر  بلاک میں کل ملا کر پولنگ میں 83.08فی صد ووٹران نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا، کھیلانی بلاک میں  81.43فی صد ووٹران نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا اور مرمٹ  بلاک میں کل ملا کر پولنگ میں  85.08فی صد ووٹران نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا،۔ان تینوں بلاکوں میں ووٹراں کا اوسط  83.20فی صد درج کیا گیا ۔ پولنگ اختتام ہونے کے بعد تینوں بلاکوں کے لئے ووٹ شماری شروع کر دی گئی ۔ پولنگ صُبح 8:00بجے سے شروع ہوئی اور پر امن طور سے بعد دوپہر 2:00بجے اختتام پذیر ہوئی۔