پونچھ//خطہ پیر پنچال کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے۔پونچھ کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ضلع راجوری کے میدانی اورپہاڑی علاقوں میں بھی وقفہ وقفہ سے برفباری کی اطلاع ہے۔ پونچھ کے پہاڑی علاقے جن میں لورن، سائوجیاں، اڑائی،اعظم آباد ،منڈی ساتھرہ میں بارشوں کی وجہ سے شدید سردی ہو گئی ہے یہاں کچھ بالائی علاقوں برف جمع ہوگئی ہے جبکہ برفباری کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ سرنکوٹ کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش نے درجہ حرارت میں کمی کر دی ہے۔ جبکہ مینڈھر میں بھی بارشوں کی وجہ سے عام معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے ۔شہرپونچھ میں جمعرات کی صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث سڑکوں کے گڑھوں میں پانی جمع ہونے کے باعث پا پیادہ مسافروں کا عبور ومرور امر محال بن گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے۔۔۔۔ل۔ل۔ل کہ معمولی بوندا باندی سے شہر کے اطراف و اکناف کی سڑکیں زیر آب آتی ہیں جس سے مسافروں خاص طور پر عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا چلنا پھرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں محکمہ میونسپلٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نکاس آب درست کرنے کا مطالبہ کیا۔