راجوری //حکام نے 48گھنٹوں کے اندر برف سے متاثرہ سڑکوںپر ٹریفک بحال کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔مکینکل انجینئرنگ محکمہ کے ایک افسر نے بتایاکہ سنیچر کی صبح برفباری کے باعث بند ہوجانے والی پونچھ ۔منڈی ۔لورن سڑک سے برف ہٹادی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اب اس سڑک پر ٹریفک چل پڑاہے اوراسے برف سے صاف کردیاگیاہے ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ لورن میں ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوگئی تھی جسے کامیابی سے صاف کردیاگیا۔اسی طرح سے بی آر او کے ایک افسر نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ راجوری اور پونچھ میں تمام سڑکوں سے برف ہٹانے کاکام مکمل ہوگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ برفباری کی وجہ سے بی جی سے ہمیر پور ، تھنہ منڈی سے سرنکوٹ براستہ دیرہ گلی روڈ اور دیگر سڑکیں بند ہوگئی تھیں جن سے برف ہٹاکر انہیں ٹریفک کے قابل بنادیاگیاہے ۔دریں اثناء پونچھ انتظامیہ کے افسر نے بتایاکہ مغل شاہراہ کے بغیر ضلع کی تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ مغل شاہراہ سے برف ہٹانا ممکن نہیں کیونکہ اس پر بھاری برف جمع ہے اور یہ روڈ اب موسم سرما کے بعد ہی کھل پائے گی ۔اسی طرح سے ضلع انتظامیہ راجوری کے ایک افسر نے بھی تمام سڑکوں سے برف ہٹانے کادعویٰ کیا ۔ انہوں نے بتایاکہ اگرچہ تھنہ منڈی سرنکوٹ اور راجوری بدھل سڑکوںپر پھسلن ہے لیکن ٹریفک معمول کے مطابق چل رہاہے ۔اس دوران اتوار کو بھی راجوری پونچھ میں کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئیں اور خطہ میں اس وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہواہے ۔راجوری پونچھ کے لوگوں نے بتایاکہ پہاڑوں پر برفباری ہونے سے نچلے علاقوں میں بھی سرد ہوائیں چل پڑی ہیں جس سے سردی بڑھ گئی ہے ۔