راجوری//ریاست جموں و کشمیر میں جہاں مختلف علاقہ جات میں موسم نے اپنا رنگ بدلا ہے وہیں ضلع پونچھ اورراجوری میں بھی شدید سردی دیکھنے کو ملی اور بالائی علاقوں کی تمام پہاڑیوں نے برف کی سفید چادر لپیٹ لیاہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثررہے ۔بارش اوربرفباری کی وجہ سے جہاںسرحدی اضلاع راجوری اورپونچھ کے متعددسڑکوں پرآمدورفت متاثرہواہے ،وہیں بجلی سپلائی میں بھی زبردست خلل پیداہواہے ۔تفصیلات کے مطابق پونچھ تاساوجیاں ،پونچھ تالورن کے ساتھ ساتھ سرنکوٹ تاچنڈی مڑھ بفلیازروڈ پرپھسلن پیداہوگئی ہے ۔اس کے علاوہ تھنہ منڈی سے سرنکوٹ بذریعہ دیرہ کی گلی سڑک بھی پیرکی صبح سے بندکردی گئی ۔ضلع انتظامیہ پونچھ کے مطابق برفباری کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے تاہم بالائی علاقوں میں بھاری برفباری کے باعث متعددسڑکیں اتواررات سے بندہیں۔اس کے علاوہ بجلی سپلائی بھی متعدددیہات میں جزوی طورپرمتاثرہوئی ہے جس کوبحال کیاجارہاہے۔اسی طرح راجوری میں راجوری تاکوٹرنکہ بدھل سڑک گزشتہ روزپانچ گھنٹوں تک بندرہی ہے اوربعددوپہرکھولی گئی ۔ذرائع کے مطابق گریف عملہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہے۔اس کے علاوہ تھنہ منڈی تادیرہ کی گلی سڑک بھی آمدورفت کیلئے بندہے۔تھنہ منڈی،درہال اورکوٹرنکہ کے لوگوں نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ بالائی علاقوں میں برفباری ہورہی ہے اوربارش وبرفباری سے ضلع میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اس کے علاوہ راجوری کے متعدددیہات میں بھی بجلی سپلائی متاثرہوئی ہے۔سنی کمارنامی ایک شخص نے کہاکہ بجلی کٹوتی کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔آخری اطلاعات ملنے تک راجوری وپونچھ اضلاع کے بالائی علاقوں میںبرفباری اورنچلے علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری تھا۔
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں ایک بار پھر سے موسم نے کروٹ لی ہے۔کئی گھنٹے تک شدید بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی کے باعث پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔برفباری نے پونچھ کے کوہساروں کو سفید مخملی چادر میں ڈھانپ کر جہاں چار چاند لگا دیئے وہیں سردی کی شدت میں اضافہ سے لوگ ٹھٹھر کر رہ گئے ہیں۔ کئی گھنٹوں کی برف باری کی وجہ سے دور دراز علاقہ جات کی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ برفباری کا سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے خصوصی طور پر دور دراز اورپہاڑی علاقہ جات کے لوگ فکر مند ہیں۔ برفباری نے تمام محکموں کے پول کھول کر رکھ دیئے۔موسم لگاتار خراب رہنے کی وجہ سے بجلی بھی لگاتار خراب چل رہی ہے بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے لوگ زیادہ پریشان ہو رہے ہیں۔قصبہ پونچھ کی عوام بجلی کی آنکھ مچولی سے زیادہ پریشان ہو رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی بالکل ندارد ہے جس کی وجہ سے وہ مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہول یادو نے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئی پیشن گوئی کے بعد انہوں نے تمام ضلع اور تحصیل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی گئی ہے کہ عوام کسی بھی طرح سے پریشان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تمام تر سہولیات پہنچائے جانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کے پیش نظر دور دراز علاقوں میں راشن، تیل خاکی اور دیگر بنیادی سہولیات عوام کو فراہم کرنے کے لئے پہلے ہی وہ افسران کو متحرک رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔