سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کے ساتھ ہورہی مبینہ ہراسانیوں کو دیکھ کر گاندھی جی جنت میں رورہے ہوں گے۔ محبوبہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا 'جنت میں گاندھی جی یہ دیکھ کر رو رہے ہونگے کہ اُس کے ہندوستان میں مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو کس طرح ہراساں کیا جارہا ہے، وہ آرزو کرتے ہوں گے کہ کاش ایک ہندو انتہا پسند نے اُن کو گولی مار ہلاک نہ کیا ہوتا تو ملک کو تباہی سے بچایا جاسکتا تھا'۔قابل ذکر ہے کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز دہلی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائرکرنے' پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'عدالت میں اپنا وقت کیوں ضائع کرو گے۔ بی جے پی کی جانب سے دفعہ 370 ختم کرنے کا انتظار کرو۔ ہم خود بہ خود الیکشن نہیں لڑ پائیں گے کیونکہ آئین ہند کا جموں وکشمیر پر اطلاق ختم ہوگا۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بی جے پی کو اقتدار پرست جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار کی بھوکی جماعت ہے جو مرکز میں دوبارہ کرسی کو حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ ’’میں دائیں بازو کی طرف سے اس ردعمل پر انتہائی حیران ہوں کہ جب وہ پی ڈی پی کے ساتھ حکومت تشکیل دیتے ہیں تو تب بھاجپا انتہائی نرم پڑجاتی ہے۔ تب پی ڈی پی قوم دشمن جماعت نہیں رہتی۔ اب ریاست جموں وکشمیر میں اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد بھاجپا دوبارہ مرکز میں کرسی حاصل کرنا چاہتی ہے، اسطرح ان لوگوں کا ضمیر بیدار ہوچکا ہے! کوئی وکاس نہیں بلکہ سب بکواس ہے‘‘۔