سری نگر// وادی کشمیر میں اگرچہ دن بھر دھوپ کھلی رہتی ہے تاہم مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 13 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے نتیجے میں پھر 17 فروری تک موسم خراب رہنے کی ہی توقع ہے۔
وادی میں مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گرواٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ یریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 0.1 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔