محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ کے تاریخی مغل روڈ پر پیش آنے والے دل خراش حادثے نے پورے خطہ پیر پنچال کو غم و اندوہ کی کیفیت میں مبتلا کر دیا۔ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار چار افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے، جن کی المناک موت نے ہر آنکھ کو اشکبار اور ہر دل کو مغموم کر دیا ہے۔ جاں بحق افراد کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں انتہائی رنج و الم کے ماحول میں عمل میں آئی، جہاں ہزاروں سوگواروں نے نم آنکھوں کے ساتھ انہیں سپردِ خاک کیا۔اطلاعات کے مطابق گاؤں منگناڑ کے رہائشی ایک شدید بیمار مریض کو بہتر علاج کی غرض سے سرینگر کے سورہ اسپتال منتقل کر رہے تھے۔
گاڑی میں مریض کے علاوہ دو تیماردار اور ڈرائیور بھی موجود تھے۔ دورانِ سفر مغل روڈ پر خراب موسمی حالات اور دشوار گزار راستے حادثے کا سبب بن گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شدید بارش اور پھسلن کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی اور چار قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکبر حسین ولد علی حیدر، ان کے فرزند محمد بشیر، عبدل مجید ولد منیر حسین اور ڈرائیور شوکت حسین ساکن ہاڑی بڈھا شامل ہیں۔ یہ تمام افراد ایک نیک مقصد کے تحت سفر کر رہے تھے، مگر تقدیر کو کچھ اور ہی منظور تھا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بچاؤ کارروائیاں شروع کیں۔ لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات مکمل کیے گئے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔مرحوم عبدل مجید کی نمازِ جنازہ معروف عالمِ دین مولانا فاروق مصباحی نے پڑھائی، جس کے بعد انہیں ان کے آبائی قبرستان منگناڑ میں سپردِ خاک کیا گیا۔ بعد ازاں اکبر حسین اور ان کے فرزند محمد بشیر کی میتیں بھی تلاش کے بعد گاؤں پہنچائی گئیں، جہاں فضا آہوں اور سسکیوں سے بوجھل دکھائی دی۔تدفین اور نمازِ جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد کے علاوہ کئی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرشید شاہپوروی، سہیم جعفر، ڈی ڈی سی لورن ریاض بشیر ناز، اقبال کھانڈے، فوجی رشید، فرید اعوان، اسحاق خان، حاجی باغ حسین راٹھو، معروف چوہان، خواجہ رشید، شعبان رضا چشتی، فوجی برکت اور چیئرمین افضل اعوان سمیت متعدد معززین نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔مغل روڈ کا یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے ضلع پونچھ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان بن کر سامنے آیا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں پورا علاقہ سوگوار ہے اور ہر زبان پر یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔