سری نگر//کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ ( سی ڈی آئی ) کی 28 ویں ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے سی ڈی آئی کی فیکلٹی اور انتظامیہ پر ختم ہونے کے قریب ہنروں کو بحال کرنے کیلئے زور دیا ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ یہاں نئے سرے سے دستکاری کی تجدید کیلئے کام کریں ۔ ڈائریکٹر نیشنل انسٹی چیوٹ آف ڈیزائین نئی دہلی اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا ۔ ڈاکٹر سامون جو ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیر مین بھی ہیں، نے انسٹی چیوٹ کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ مشقوں کو کم کرنے اور بہتر نتایج حاصل کرنے کیلئے دستکاری کو جدید بنائے ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ انسٹی چیوٹ میں داخلہ لینے والے طلبا کو صنعتوں سے منسلک کریں تا کہ ان کی مہارت ان کی ضروریات سے متعلق ہوں اور انہیں تربیت کے اختتام پر ملازمت مل سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اداروں کے حکام سے اپیل کی کہ وہ مارکیٹنگ ٹیکنیکس تیار کریں جو موجودہ رحجانات کے مطابق ہیں ۔ انہوں نے ان سے ڈیجٹل مارکیٹنگ پلیٹ فارمز سے بھر پور فائدہ اٹھانے کو کہا جس میں مروجہ کووڈ پروٹوکول کے پیش نظر اہمیت کا اضافہ ہوا ہے ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ دستکاری کی ترقی ایک غیر رسمی شعبہ ہے جس میں روز گار کے حصول کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کامیاب ماڈلز کو تلاش کریں تا کہ اس ٹیکنالوجی کو یہاں متعارف کرایا جائے ۔