ڈی سی ڈوڈہ نے گوجر ہوسٹل میں سہولیات کا جائزہ لیا
محمد اسحق عارف
ڈوڈہ//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکوال نے جمعہ کے روز گوجر ہوسٹل برائے طالبات اور گوجر ہوسٹل برائے طلباءکا دورہ کر کے دونوں ہوسٹلوں میں قیام پذیر طلباءو طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ڈائننگ ہال،کچن،درسگاہوں اور آرام کرنے کے کمروں کا معائنہ کیا اور صفائی وغیرہ کی صورتِ حال اورکھانے کے معیار کی جانچ کی۔اُنہوں نے دونوں ہوسٹلوں میں بچوں کے لئے تیار کیا گیا کھانا چیک کیا اور بستروں اور فرش وغیرہ کی حالت کا بھی جائزہ لیا۔گرلز ہوسٹل میںہوسٹل کی وارڈن شفیقہ بیگم اور بوائز ہوسٹل میں وارڈن چوہدری سلام دین نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور نظام الاوقات کے بارے میں جانکاری فراہم کی اور کچھ مسائل اور مطالبات ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے رکھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کا ازالہ کیا جائے گا اور انتظامیہ کی کوشش ہو گی کہ وہ دونوں ہوسٹلوں میں قیام پذیر طلباءو طالبات کی بہتری کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھایا جائے۔اُنہوں نے ہوسٹل کے انتظامات اور بچوں کو فراہم کئے جانے والے کھانے اور دیگر سہولیات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا ، دونوں وارڈنوں کی سراہنا کی اور کچھ ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
بھدرواہ میں قومی لیگل سروس دن کی تقریب
بھدرواہ//ڈسٹرکٹ لیگل اتھارٹی کی جانب سے زیر قیادت پرنسپل ڈسٹرکٹ و سیشن جج بھدرواہ ایم کے شرما ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ کیمپ میںچیئر پرسن تحصیل لیگل سروسز کمیٹی(سب جج) بھدرواہ رینو ڈوگرہ، سپیشل موبائیل مجسٹریٹ بھدرواہ ارون کمار کوتوال، کے علاوہ ضلع بار ایسوسی ایشن بھدرواہ کے صدر ڈی کے گپتا،ایس ڈی پی او بھدرواہ ، بار کے ممبران ، وکلا ، مقدمہ لڑنے والوں اور بھدرواہ کے معزز عوام نے شرکت کی۔ایڈوکیٹ سی کے گپتا نے لیگل سروسز ایکٹ کے دفعہ جات اور مختلف ویلفئیر سکیموں کی تفصیلی جانکاری دی تاکہ لوگوں میں بیداری پیدا کی جا سکے اور اس ایکٹ کے فوائد حاصل کرنے کے لائق بنایا جائے۔مختلف کیسوں لیگل سروسز ایکٹ کے تحت افہام و تفہیم سے حل کرنے پر خصوصی توجہ دیا گیا ۔چئیر ین ڈی ایل ایس اے بھدرواہ ایم کے شرما نے لیگل سروسز کمیٹی کو مزید ایسے بیداری کیمپ منعقد کرنے کی اپیل کی ،تاکہ مستحق اور ضرورتمند افراد کو ان سکیموں سے فائدہ ہو سکے۔انہوںنے بار ممبران کی جانب سے بیداری کیمپ میں صحت مندانہ اپروچ کی سراہنا کی۔
محکمہ جنگلات کا چانپل گاﺅں میں عوامی بیداری کیمپ
محمد اسحق عارف
ڈوڈہ//کنزرویٹر فارسٹ چناب سرکل اور ڈی ایف او بھدرواہ کی ہدایت و سرپرستی اور رینج آفیسر بھلیسہ شیخ ظفر اللہ کی نگرانی میں محکمہ جنگلات بلاک پنگل کی طرف سے تحصیل پنگل کے چانپل گاﺅں میںایک عوامی بیداری کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مختلف مقررین نے جنگلات کی اہمیت بیان کی اور عوام الناس پر زور دیا کہ جاری خشک سالی کے دوران جنگلات میںآگ نہ جلائی جائے اور نہ ہی ماچس یا آگ لگانے کی کوئی دوسری چیز جنگل میں ساتھ لی جائے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کے الیٰ حکام کی طرف سے محکمہ کے اہلکاران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اس بات پر گہری نظر رکھیں کہ کوئی آگ لگانے والی چیز جنگل میں نہ لے جائے اور اگر کوئی اس کا مرتکب پایا گیا تو اُس کے خلاف کاروائی مل میں لائی جائے۔اُنہوں نے کہا کہ بعض لوگ مال مویشی یا بھیڑ بکریوں کو جنگلوں میں چرانے کے لئے لے جاتے ہیں اور وہاں آگ جلاتے ہیں جو کبھی کبھی پورے جنگل کو لپیٹ میں لے لیتی ہے جس سے نا قابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جنگلات میں یہ جنگلات کے آس پاس کے کھیتوں میں آگ جلانے سے سختی سے پرہیز کیا جانا چاہیے ۔اُنہوں نے کہا کہ موسم کافی رصہ سے خشک ہے اور اگر ماچس کی ایک تیلی بھی جلائی جائے تو جنگلات میں آگ بھڑک سکتی ہے۔ مقررین نے جنگلات کو دُنیائے انسانیت کے لئے قدرت کا انمول تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات کی اہمیت ماہرین ماحولیات پر ہی نہیں عام انسانوں پر بھی آشکار ہو چکی ہے۔ جنگلات جہاں ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں، وہیں ہوا کو صاف رکھنے ، آندھی اور طوفانوں کا زور کم کرنے ، آبی کٹاو¿ روکنے ، آکسیجن میں اضافے اور آب و ہوا کا توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی موجودہ دور میں انسان کو درپیش بڑے خطرات میں سے ایک ہے اورجنگلات کا کٹاﺅ ماحول کے آلودہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اگر جنگلات کے بے دریغ کٹاﺅ کو نہ روکا گیا تو اس دنیا میں بسنے والے تمام لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے نبھانے میں اگر ہم نے سہل انگاری سے کام لیا تو اس کا خمیازہ ہماری نسلوں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔ اس موقع پر مقامی نوجوان رضاکاروں پر مشتمل ایک فائر فائٹنگ ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔
کوٹھا ڈول ہستی پاﺅر اسٹیشن کے نئے سربراہ مقرر
کشتواڑ//این ایچ پی سی لمیٹڈ کے ڈول ہستی پاﺅر اسٹیشن کے لئے یوگیندر کوٹھا کو نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔1960 میں پیدا ہوئے یوگیند کوٹھا نے ریجنل انجینئرنگ کالج سرینگر سے سول انجیئنرنگ میں ڈگری کی ہے۔انہوں نے1981میں ہندوستان کنسٹریکشن کمپنی سے اپنا کئیر یر شروع کیا اور بعدازاں این ایچ پی سی لمیٹڈ سلال پاﺅر اسٹیشن میں1984 میں جوائن کیا۔انہیں سول انجینئرنگ ڈیزائن، ہائیڈرومیکنکل ، ڈیمز، ٹننلنگ،انویسٹگیشن ،کنسٹریکشن اور او اینڈ ایم میں کافی تجربہ حاصل ہے ۔انہوں نے ٹرانسمیشن سسٹم اودھمپور میں بھی کام کیا ہے۔انہوں نے سلال پاﺅر اسٹیشن میں مختلف عہدون پر اپنے فرائض انجام دئے ہیں اور اب این ایچ پی سی لمیٹڈ ڈول ہستی کے سربراہ کے طور چارج سنبھال لیا ہے۔
ریاسی میں نیشنل کانفرنس کا اجلاس
اٹانومی کی بحالی، گورنری راج کے نفاذ کا مطالبہ
عظمیٰ نیوز
ریاسی //جموں کشمیر نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب ریاسی کے ڈیلی گیٹوں کاایک اجلاس زیر صدارت ضلع صدر بابو جگ جیون لال منعقد ہوا جس میں بلاک صدور ،عہداران اور کارکنان نے بھی شمولیت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مخلوط سرکار پر نقطہ چینی کی اور گورنر راج نافذ کرنے کی مانگ کی۔مقررین نے کہا کہ سابقہ سرکار کے دور میں گیس سیلنڈر00 4 روپے میں ملتا تھاجو اب 820 روپے میں مل رہا ہے، کوئی بھی سبزی 80روپے سے کم نہیں ملتی،دالوں کے ریٹ آسمان چھو رہی ہیں،سرکار نے چینی دینی بھی بند کر دی ہے اور آٹا ،چاول تین ،چار مہینوں سے نہیں مل رہا ہے، اب بی جے پی کو مہنگائی نظر نہیں آ رہی ہے۔تعمیر و ترقی کے کام زیرو کے برابر ہیں ۔GSTنے لوگوںکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ہسپتالوں میں ڈاکٹر نہیں،سکولوں میں ماسٹر نہیں،دوائیوں کا خدا ہی حافظ ہے مخلوط سرکار ہر محاذ پر فیل ہو چکی ہے۔مقررین نے پارٹی میں مشکلات پر بھی روشنی ڈالی اور ہائی کمانڈ سے مانگ کی کہ اوپر سے ٹھونسا ہوا کوئی بھی امیدوار قابل قبول نہیں ہو گا۔اس موقعہ پرجگ جیون لال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے شخصی نظا م سے آزادی حاصل کےلئے ہزاروں قربانیاں دی ہیں اور دفعہ370کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ ملک و ریاست کی ترقی و خوشحالی کےلئے مرکز کو چاہیے کہ فوری طور اٹانومی بحال کی جائے۔اس موقعہ پر طارق بٹ،راج کمار شرما،گندھرب سنگھ،مختار بانڈے،چرن داس،رتن لال بھگت،امتیاز وانی اور غلام نبی ملک نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گول بی جے پی کی ماہانہ میٹنگ ،محکمہ دیہی ترقی کے خلاف احتجاج
زاہد بشیر
گول//بھارتیہ جنتا پارٹی نے گول میں ماہانہ میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے زمینی سطح پر خرد برد ہو رہا ہے ۔ اس موقعہ پر کلدیپ راج دوبے المعروف منگو شاہ نے کہا کہ جلد ہم محکمہ دیہی ترقی کے خلاف گول میں احتجاج کریں گے اور ان کے تمام کالے کار ناموںکو باہر نکالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن کچھ لوگ ان کو بچا رہے ہیں ۔کلدیپ راج دوبے نے اس موقعہ پر کہا کہ جو پیسہ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے دیا ہے بلاک جو لیکن اس کا غلط استعمال ہو رہا ہے اسے اُن جگہوں پر نہیں لگایا جا رہا ہے جس کے لئے اوپر سے پیسہ آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ آفیسر ہیں جو ہمارے کاموں میں روڑہ اٹکا رہے ہیں اور وہ سمجھ جائےں اور ایسا کرنے سے باز آئیں اور ہم ایس ڈی ایم آفس کے باہر دھرنا دیں گے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ یہاں غریبوں کے حقوق پر شب و خون مارا جا رہا ہے اور غریب عوام کا کوئی ساتھ نہیں دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک فہرست تیار کی ہے اور جلد اس کے تحت یہاں پر لوگوں کو اپنا حق ملے گا جو بی پی ایل کے زمرے میں آتا ہو گا اُس کو وہ حق ملے گا کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں برتی جائے گی ۔اس موقعہ پر ایڈوکیٹ امتیاز الابرار نے بھی یہاں میٹنگ سے خطاب کیا اور کہا کہ سر کار نے ان تین سالوں میں اتنا کام کیا جتنا پچھلی سرکار وں نے دس دس سالوں میں نہیں کیا ۔ اس موقعہ پر پورے سب ڈویژن سے آئے ہوئے بھاجپا ورکران نے میٹنگ میں حصہ لیا ۔
نٹواس ،ڈوڈہ میں طبی کیمپ کا اہتمام
ڈوڈہ//فوج کی جانب سے ضلع ڈوڈہ کے موضع نٹواس میں جمعہ کے روز ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ کا مقصد ضلع کے دور افتادہ دیہات نٹواس، اگاریکا، مدرین، جگوٹہ، جھن دانی،اور کوئلائی کے مریضوں کو راحت پہینچانا بشمول مریضوں کی سکریننگ ،طبی معالجہ،اور مفت ادویات کی تقسیم کاری بھی تھا ۔کیمپ کا مقصد ان دور دراز گاﺅن میں طبی خدمات فراہم کرنا جہاں پر طبی خدمات معقول نہیں ہیں۔کیمپ میں کل 180مریضوں کا معاینئہ کیا گیا ۔کیمپ میں فوج اور سول ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کو صحت کی پرداکھ کی جانکاری بھی دی گئی اور نہیں عام بیماریوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے طور طریقے بھی بتائے گئے۔مقامی لوگو ں نے انڈین آرمی کی جانب سے مفت طبی کیمپ منعقد کرنے پر تحسین ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے کیمپ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
گول میں انڈور اسٹیڈیم پر تعمیری کام کا آغاز
زاہد بشیر
گول//گول میں آج انڈوراسٹیڈیم کا کاشروع ہوگیا ہے اس موقعہ پر ایس ڈی ایم گول ، نائب تحصیلدار گول کے علاوہ معزز شہری بھی موجود تھے ۔ اسٹیڈیم پر تعمیری کام سے گول کی عوام میں خوشی کی لہردوڑ ی۔ بالخصوص نوجوانوں اور کھیل شائقین میں اس اسٹیڈیم کی تعمیر پر خوشی کی لہر دوڑی ۔ شائقین کا کہنا ہے کہ گول میں اسٹیڈیم کی قلت کافی شدت کے ساتھ محسوس کی جا رہی تھی لیکن اب اوٹ ڈور اسٹیڈیم کی قلت باقی ہے جسے سرکار جلد از جلد پورا کرے اور اوٹ ڈور اسٹیڈیم پر بھی جلد از جلد تعمیری کام شروع کیا جائے ۔لوگوں نے ایم ایل اے اور موجودہ سرکار کا شکریہ ادا کیا کہ گول کے سٹیڈیم آنے میں ایم ایل اے اعجاز احمد خان اور موجودہ سرکار کا اہم رول رہا ہے جس کی وجہ سے آج گول میں اس سٹیڈیم کا کا شروع ہوگیا ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ایس ڈی ایم گول و ان کے باقی ملازمین نے بھی کافی محنت کی ہے جسکی وجہ سے کام جلد شروع ہو گیا۔
’بیٹی بچاﺅ ،بیٹی پڑھاﺅ‘
ایس ایس بی رام بن کے زیر اہتمام بیداری پروگرام
ایم ایم پرویز
رام بن//سشتر سیما بل (ایس ایس بی) نے وزارت اطلاعات و نشریات کے سانگ اینڈ ڈرامہ ڈویژن کے اشتراک سے گورنمنٹ پرائمری سکول سنگلدان ضلع رام بن میں ”بیٹی بچاﺅ ،بیٹی پڑھاﺅ“ کے سلسلہ میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کا عنوان خواتین کو با اختیار بنانے”بیٹی ہی وردھان ،اسکا کرو سمان “کے مقصد سے کیا گیا ۔تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بشمول سابقہ سرپنچ و پنچوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر سانگ اینڈ ڈرامہ ڈویژن کے کلاکاروں نے مقامی زبان میں مختلف تمدنی پروگرام پیش کئے۔،جن کی لوگوں نے کافی سراہنا کی۔ ایس ایس بی 14ویں بٹالین کے کمانڈنٹ سنجیو یادو نے اپنے خطاب میں بچیوں کی تعلیم و تربیت کو فروغ دینے کے لئے ”بیٹی بچاﺅ ،بیٹی پڑھاﺅ“ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اوربچیوں کی گرتی ہوئی شرح پیدائش کو روکنے کےلئے سماج میں لڑکیوں کے تئیں امتیاز برتنے کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تمام لوگوں کو آگے آکر لڑکیوں کو پڑھانے اور با اختیار بنانے کی اپیل کی ۔
چھاترو میں ممبر اسمبلی کی صدارت میں افسران کی میٹنگ
چھاترو//رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے آج یہاں سب ڈویژن چھاترومیں حکام کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کرتے ہوئے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں وفلاحی اسکیموں کی عمل آوری کاجائزہ لیا، اس موقع پرسروڑی نے حکام کوہداےت دی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل اور فلاحی اسکیموںکی مو¿ثرعمل آوری یقینی بنائیں تاکہ عوام کوان کافائدہ پہنچ سکے۔سروڑی نے اعلیٰ آفیسران سے تلقین کی کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی ازخود نگرانی کریں اور مقررہ مدت میں ان کی تکمیل کوہرحال میں ممکن بنائیں۔انہوںنے حکام کو ہداےات جاری کرتے ہوئے کہاکہ اپنے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لائیں اور انہیں مقررہ مدت میں پایہ ¿ تکمیل کو پہنچائیں تاکہ عوام کو بلاتاخیر سہولےات سے مستفیدکیاجاسکے۔انہوںنے ڈگری کالج، ہائر سکینڈری اسکول کی چاردیواری، عیدگاہ سنتھن ، سڑکوں پرتارکول بچھانے کے کام کی جلد تکمیل چٹانیں وپسیاں گرنے سے متاثرہ بھاٹا، سنگھ پورہ، لوئی دھار، بالنا، منگتھلہ سڑکوں پرکام میں سرعت لانے کی تلقین کی۔اس کے علاوہ راشن کی بروقت سپلائی یقینی بنائیں اور صارفین کو راشن وراشن کارڈ سے متعلق جوبھی پریشانیاں درپیش ہیں ان کاازالہ کیاجائے۔رکن اسمبلی اندروال نے بی ایم او چھاتروکوہداےت دی کہ وہ تمام لازمی ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں ۔ایس ڈی ایم چھاترو مسعود احمدقاضی نے سب ڈویژن میں جاری ترقیاتی کاموں کی موجودہ صورتحال پرایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔