خبریں

انتظامی اورمالی اصلاحات کی بدولت حکومت کی شرح ترقی قابل فخر:فردوس ٹاک

جموں//رکن قانون سازکونسل فردوس ٹاک نے نامورمیڈیاہائوس کے تازہ ترین سروے کے مطابق ریاستی حکومت کی قابل قدر شرح ترقی کیلئے  وزیرا علیٰ محبوبہ کی سربرواہی میں کام کررہی حکومت کومبارکبادپیش کی ہے۔نامورمیڈیا ہائوس نے اپنے تازہ ترین سروے ’’سٹیٹ آف سٹیٹس ‘‘ میں بتایاہے کہ ریاست جموں وکشمیرمیں سال 2015-16 کے دوران ترقی کی شرح فیصد 14.7فیصدرہی اور اس طرح سے ریاست جموں وکشمیرترقی کی شرح میں ملک کی دیگرریاستوں میں دوسرے درجے پر رہی جبکہ مجموعی طورپر ریاست جموں وکشمیرکوملک کی دیگرریاستوں میں شرح ترقی میں جموں وکشمیرکودوسرادرجہ حاصل رہا۔ فردوس ٹاک نے یہاں جاری پریس بیان میں کہاکہ یہ سب موجودہ حکومت کی جانب سے انتظامی اورمالی اصلاحات اورشفافیت کی وجہ سے ہواہے۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ تین سال کے دوران موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کئے جارہے تخمینہ جات میں مالی اصلاحات کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ریاست میں ورک کلچر کوبہتربنایاگیا ہے جس کی وجہ سے مالی اصلاحات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔اس کے علاوہ ریاست میں تعمیروترقی کے میدان میں بھی کئی سنگ میل طے کئے گئے۔ ریاست میں تعلیم ماحولیات اورصحت وصفائی کے نظام کوبہتربنانے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔ریاست میں امن وقانون کی صورتِ حال کوبہتربنائے رکھنے ،عوام کوبہترطبی سہولتوں کی فراہم کرنے،اقتصادی صورت حال اوربنیادی ڈھانچہ کومستحکم بنانے کی بدولت بدولت ریاست جموں وکشمیر کوملک کی دس ریاستوں میں صف اول کی ریاست کادرجہ حاصل ہوا۔ فردوس ٹاک نے کہاکہ متعددمشکلات اوردپیش چیلنجوں کے باوجود ریاست جموں وکشمیر نے تعمیروترقی کے میدان میں نئے سنگ میل طے کئے ۔اُنہوں نے کہاکہ مرکزی سرکارکے سٹیٹسکس دفترکی جانب سے شائع شدہ ایک مطبوعات کی تازہ ترین رپورٹ میں جموں وکشمیر اور اروناچل پردیش کوسال 2015-16 میں معاشی لحاظ سے تیزترترقی یافتہ ریاستیں قراردیاگیا۔ ٹاک نے کہاکہ موجودہ ریاستی سرکارنے انتظامی اورمالی اصلاحات میں نمایاں اصلاحات کی ہیں جن کے ثمرآورنتائج برآمدہورہے ہیں۔
 
 

فاصلاتی ڈگری یافتہ اساتذہ بھی ترقیاب ہوں گے 

ٹیچرز ایسوسی ایشن نے آرڈرنمبر940کاخیرمقدم کیا

جموں// آل ٹیچرز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکے ٹیچروں اورلیکچراروں کے ڈیلی گیشن کی ایک میٹنگ ریاستی صدر ریگنیانی سلاتھیہ اور جنرل سیکریٹری دیوان سنگھ انتھل کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے مورخہ 17نومبر 2017کوجاری کئے گئے آرڈرنمبر 940 کاخیرمقدم کیا۔اس آرڈر کی بدولت فاصلاتی نظام کے تحت حاصل کی گئی ڈگریوں والے اساتذہ ترقیوں کے مستحق ہوں گے جبکہ اس سے قبل جاری کئے گئے حکمنامے کے تحت فاصلاتی نظام کے تحت ڈگریاں حاصل کرنے والے اساتذہ کوترقیوں کیلئے غیرمستحق قراردیاگیاتھا۔فاصلاتی نظام کے تحت ڈگری حاصل کئے ہوئے اساتذہ کی مشکلات کودورکرنے کے لئے صدرنے ریاستی وزیرتعلیم الطاف بخاری کاشکریہ ادا کیا۔
 
 

قومی ترانے کی بے حرمتی قابل مذمت:شری رام سینا 

جموں//ریاستی صدرشری رام سیناراجیو مہاجن نے باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے اسکالروں کی جانب سے قومی ترانے کااحترام نہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیاہے۔ یہاں جاری کئے گئے ایک پریس بیان میں راجیومہاجن نے کہاکہ ان اسکالروں کوچاہیئے کہ وہ قومی ترانے کااحترام کریں کیونکہ قومی ترانے کااحترام کرناہرہندوستانی شہری کافرض ہے ۔مہاجن نے کہاکہ بی جی ایس یو میں سلوررولنگ ٹرافی کی تقریب کے دوران جب قومی ترانہ گایاجارہاتھا تودوسے تین طلباء اس دوران کھڑے نہیں ہوئے جس سے قومی ترانے کی بے عزت ہوئی ۔راجیونے ان طلباء کے خلاف کاروائی کرنے کامطالبہ کیااور جوقومی ترانے کااحترام نہ کرے اسے کسی بھی سرگرمیں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔
 

بی ڈی اونگروٹہ نے پنج گرائیں میں ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا

جموں//بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نگروٹہ ڈاکٹرذاکرحسین وانی نے پنچایت پنجگرائیں کاتفصیلی دورہ کرکے محکمہ دیہی ترقی کے تحت چل رہے کئی تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیا،ان کے ہمراہ سابقہ پنچایت نمائندگان بشمول سابق سرپنچ تھوڑورام، سابقہ پنچ بشیراحمد، سابقہ پنچ نورمحمدکے علاوہ محکمہ کے سینئرحکام جن میں اسسٹنٹ انجینئر ایس،پی سنگھ، جونیئرانجینئرنریندرسنگھ، پنچایت سیکریٹری فاروق علی شامل ہیں‘شامل ہیں، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نے پنچایت پنجگرائیں میں محکمہ دیہی ترقی کے کاموں کادائرہ بڑھانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے سابقہ پنچایتی نمائندگان سے تلقین کی کہ وہ لوگوں کومنریگاودیگراسکیموں سے مستفیدہونے کیلئے بڑھ چڑھ کرآگے لانے کی کوشش کریں تاکہ مرکزی حکومت وریاستی حکومت کی دیہی عوام کے معیارِ حیات کوبلندکرنے کی کوششیں کامیاب ہوسکیں اور دیہی علاقوں میں تعمیروترقی وخوشحالی آسکے۔اْنہوں نے پنچایت میں کئی مقامات پرتعمیری کاموں کامعائینہ کیااور متعلقہ سے تلقین کی کہ وہ معیارکیساتھ کسی قسم کاسمجھوتہ برداشت نہیں کریں گے اور تعمیراتی کاموں کوجلدازجلدپایۂ تکمیل کوپہنچایاجائے۔اس موقع پرمقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی سے متعلق کئی معاملات بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے نوٹس میں لائے۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرڈاکٹرذاکرحسین وانی نے یقین دلایاکہ وہ پنچایت ہی نہیں بلکہ بلاک نگروٹہ کے ہرگائوں میں منریگاودیگراسکیموں کادائرہ وسیع کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاہم اس کیلئے عوام کاتعاون اہم ہے۔اْنہوں نے محکمہ کے حکام سے تلقین کی کہ وہ اسکیموں سے متعلق لوگوں میں بیداری لائیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ آگے آکران سے مستفیدہوسکیں
 

سنگ بازوں کی رہائی سے پھرسے امن درہم برہم ہوسکتاہے

یوواراجپوت سبھاکابی جے پی پر مجرمانہ خاموشی اختیارکرنے کاالزام 

جموں//پاکستانی شہریوں اورسنگ بازوں کوجیلوں سے رہاکرنے پریووادراجپوت سبھاکی جانب سے بن تالاب میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اورحکومت کے خلاف ایک پریس کانفرنس کااہتمام کیا۔اس دوران میڈیاافرادسے خطاب کرتے ہوئے سریندرسنگھ گلی سابق صدریوواراجپوت سبھانے کہاکہ سنگ بازوں کورہاکئے جانے سے پھرامن وقانون کامسئلہ پیداہوجائے گاجیساکہ مسرت عالم کی رہائی کے وقت ہواتھا ۔ انہوں نے بی جے پی کوآڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے بتایاکہ ایک طرف تویہ پارٹی پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں ملی ٹینٹوں کے ٹھکانوں کوبمباری کے ذریعے تہس نہس کرنے کی باتیں کرتی ہے تودوسری طرف سنگ بازوں کی رہائی پرمجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سنگ بازوادی میں بھارت مخالف اورپاکستان کے حق میں نعرے بلندکرتے چلے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان سنگ بازوں کی رہائی سے وادی کے حالات خراب ہونے کاخدشہ ہے۔
 

حافظ سعید کی رہائی معاملہ

بارایسوسی ایشن جموں کاپاکستان کیخلاف احتجاج

جموں//ممبئی 26نومبر کے ممبئی دہشت گردانہ حملے کے ماسٹرمائنڈحافظ سعید کورہاکرنے پرجموں بارایسوسی ایشن (جے بی اے) کے وکلاء نے پاکستان کے خلاف زور دارمظاہرہ کیا۔ جے بی اے کے وکلاء ہائی کورٹ کمپلیکس میں جمع ہوئے اور سعیدکورہاکرنے پرپاکستان کے خلاف مظاہرہ کیااور پاکستانی جھنڈے کونذرآتش کیا۔ یادرہے کہ سال روان کے ماہ جنوری میں سیدکوعالمی سطح پردہشت گردقراردیاگیاہے لیکن پاکستان نے اس کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لانے کے بجائے اسے رہاکردیا۔احتجاجی وکلاء نے کہاکہ ایک طرف پاکستان کہتاہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑائی لڑرہے ہیں تودوسری طرف اس نے حافظ سعید جیسے دہشت گردکورہاکردیا جوکہ دہشت گردانہ کاروائیوں کے ذریعے سینکڑوں لوگوں کے قتل میں ملوث ہے۔ وکلاء نے پاکستان میں حافظ سعید کے دہشت گردی نیٹ ورک کوختم کرنے کے لئے ایک اورسرجیکل سٹرائیک کی مانگ کی۔
 

10جواری گرفتار،1.92لاکھ روپے ضبط

جموں//پولیس کی ایک اطلاع کے مطابق ضلع سانبہ کے علاقہ بڑی براہمناں میں دس جواریوں کوگرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 1.92لاکھ روپے کی رقم برآمد کی گئی ۔پولیس کے مطابق ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرپولیس پارٹی نے تیلی بستی میں چھاپہ مارااورجواکھیل رہے جواریوں سے 1.92لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔ملزموں کے خلاف ضابطے کے تحت معاملہ درج کرکے تفتیش کاکام شروع کردیاگیاہے۔
 

وائر لیس آپریٹروں کا ایک وفد محبوبہ مفتی سے ملاقی 

جموں / وائر لیس آپریٹروں کے ایک وفد نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل پر غور کیا جائے گا۔
 
 

سائبر سپیس سے متعلق گلوبل کانفرنس میں انصاری کی شرکت 

نئی دلی / انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم ، امور نوجوان و کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے نئی دلی میں سائبر سپیس 2017 ء کے سلسلے میںمنعقدہ گلوبل کانفرنس میں حصہ لیا۔کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا جبکہ قانون و انصاف کی مرکزی وزیر روی شنکر پرساد ، سری لنکا کے وزیر اعظم ومبلڈن ودیگر اہم شخصیات اس موقعہ پر موجود تھے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انصاری نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر ریاست کے نظریہ کو مثبت تبدیل لانے کے لئے کام کر رہی ہے اور اسے سائبر سپیس اور ڈیجیٹل انڈیا کا ایک بہت بڑا حصہ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کو پوری طرح ڈیجیٹائز کرنے کے لئے آئی ٹی محکمہ نے مختلف محکموں میں پورٹلز اور الیکٹرانک بوتھ قائم کئے ہیں۔انصاری نے کہا کہ پروجیکٹ پر جموں اینڈ کشمیر ای گورننس ایجنسی کا م کر رہی ہے اور ڈیٹا بیس کو معرض وجود میں لانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔وزیر کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی شو کمار ، سی ای او جیکجا سعادت حسین و دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔
 

نعیم اختر نے کٹھوعہ میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائینہ کیا

کٹھوعہ / تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ضلع کٹھوعہ میں زیر تعمیرانجینئرنگ کالج ، کیریاں گنڈیال پل اور مجوزہ میڈیکل کالج کی سائیٹ کا دورہ کیا ۔وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے کٹھوعہ راجیو جسروٹیہ ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی سدھیر شاہ ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ایس پی منہاس و دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔وزیر نے گورنمنٹ انجینئر نگ کالج عمارت کا معائینہ کیا جو 24.50کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔انہیں بتایاگیا کہ کالج کے انتظامی بلاک اور ورکشاپ پر کام شد و مد سے جاری ہے  اورانہیں مارچ 2018ء تک مکمل کیا جائے گا۔نعیم اختر نے کیریاں گنڈیال پل کی سائیٹ کا بھی دورہ کیا اور 106.67کروڑ روپے کی لاگت سے 1210میٹر لمبے پل پر جاری کام کا جائزہ لیا۔وزیر نے متعلقہ ایجنسی پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔میڈیکل کالج سائیٹ کے معائینے کے دوران وزیر نے ایگزیکٹیو انجینئر کٹھوعہ کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہ سے میڈیکل کالج تک لنک روڑ کا کام 2.7کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کے اقدامات اٹھائے۔
 

ویری کا کشمیری پنڈتوں کے ٹاؤن شِپ اور کالونی کا تفصیلی دورہ

جموں//وزیر برائے مال، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد، باز آباد کاری، تعمیر نو اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری نے جموں میں کشمیری پنڈتوں کے ٹاؤن شِپ اور کالونی کا معائنہ کر کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا اور جموں رہ رہے کشمیری پنڈتوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔امداد اور باز آباد کاری کے کمشنر ایم ایل رینہ،ڈپٹی کمشنر امداد کے کے سدھا، ڈپٹی کمشنر جموں راجیو رنجن اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ مینارٹی پریذیڈنٹ اے کے کے سدھا بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔نگروٹہ میں جگٹی کے مقام پر وزیر نے جگٹی ٹاؤن شِپ میں شاپنگ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ ٹاؤن شِپ میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیل طلب کرتے ہوئے وزیر کو جاری کاموں کی رفتار اور مجوزہ پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر نے انتظامی بلاک کا بھی دورہ کر کے وہاں جاری تجدید و مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ عمارت کی تعمیر کا بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے اور عنقریب استعمال میں لائی جائے گی۔مائیگرینٹ کنبوں کو دستیاب طبی سہولیات کا جائیزہ لینے کے لئے وزیر نے قصبہ میں قائم کئے گئے سرکاری طبی ا دارے کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کر کے انتظامیہ سے وہاں دستیاب سہولیات کے بارے میںتفاصیل حاصل کی۔ انہوں نے ہسپتال عملہ کو مریضوں کو تمام طبی سہولیات بہم رکھنے اور طبی ادارے کے اندر اور گردو نواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ناقص تشخیصی آلات کو بدلنے کی بھی ہسپتال عملے کو ہدایت دی۔وزیر کو بتایا گیا کہ ہسپتال فی الوقت صرف12 گھنٹے کھلا رہتا ہے اور لوگوں کو ہمہ وقت طبی سہولیات بہم رکھنے کے لئے اے24 گھنٹے کھلا رکھا جائے گا۔اس موقعہ پر کشمیری پنڈت مائیگرینٹوں نے ٹاؤن شپ میں پارکوں کی دیکھ ریکھ، سڑکوں کی تجدید و توسیع، آدھار اندراج مرکز کا قیام وغیرہ مسائل اُٹھائے۔وزیر نے متعلقہ افسران کو ٹاؤن شِپ کے مسائل کے ازالہ کے لئے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت دی۔ٹی آر ٹی کیمپ میں مقامی لوگوں نے وزیر کو مانگوں کی ایک یاداشت پیش کی جن میں پی ایم ڈی پی پیکج کی موثر عمل آوری، آر بی اے اسناد کا اجراء، مائیگرینٹوں کی زمینوں سے ناجائیز قبضہ ہٹانے، امداد میں اضافہ، نئے کمیونٹی ہال کی تعمیر، ڈسپنسری میں ادویات کی دستیابی، پارکوں کی تعمیر و ترقی، راشن اور تیل خاکی کی منظم تقسیم کاری، پینے کے پانی کی ترسیل شامل ہیں۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی جائیز مانگیں پوری کی جائیں گی۔دریں اثنا ویری نے ریڈیو شاردا کا بھی دورہ کیا جو کہ کشمیری پنڈتوں کا کمیونٹی ریڈیو سٹیشن ہے۔ انہوں نے مریش ہانگلو اور ان کی ٹیم کو یہ کمیونٹی ریڈیو سٹیشن شروع کرنے کے لئے سراہا۔ویری نے مٹھی میں بھی کے پی مائیگرینٹ ٹاؤن شپ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مائیگرینٹوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی مانگیں مرحلہ وار پوری کی جائیں گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مائیگرینٹس کو کھیل کود میدان کی تعمیر کے لئے منصوبہ مرتب کرنے کے لئے کہا۔بعد میں وزیر نے پُرکھو مائیگرینٹ کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے تعمیر کئے گئے کیمپ کمانڈنٹ دفتر اور شاپنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا اور شاپنگ کمپلیکس کی دکانیں قرعہ اندازی کے ذریعے مستحقین کو الاٹ کیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت مائیگرینٹوں کی حالت زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کشمیری مائیگرینٹوں کی باعزت وطن واپسی کے تمنائی ہیں تا ہم تب تک تمام مائیگرینٹ ٹاؤن شپس میں انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ پُرکھو میں کشمیری پنڈتوں کے لئے مزید450 رہایشی کوارٹر تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن شِپس کی دیدی ذیبی کا کام جاری ہے۔
 

مغربی پاکستان کے رفیوجی پہلے کی طرز پر راشن حاصل کریں گے:ڈاکٹرنرمل سنگھ

وزیرامورصارفین کی مستحقین کو راشن کوپن جاری کرنے کی متعلقہ محکمہ کو ہدایت

جموں //مغربی پاکستان کے رفیوجی ماضی کی طرز پر راشن حاصل کرتے رہیں گے اور جائیز مستحقین کے حق میں راشن کوپن جاری کئے جائیں گے تا کہ انہیں معقول مقدار میں راشن اور دیگر چیزیں فراہم کی جاسکیں۔یہ فیصلہ یہاں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔اس موقعہ پر خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کل19960 مغربی پاکستانی رفیوجیوں کو راشن اور دیگر چیزیں فراہم کی جاتی ہیں جن میں کٹھوعہ کے88 گاؤں کے2199 کنبے، بشناہ کے75 گاؤں کے2051 ، ہیرا نگر کے82 گاؤں کے1096 ، آر ایس پورہ کے138 دیہات کے1632 کنبے، سانبہ کے134 گاؤں کے1632 کنبے، اکھنور کے2271 کنبے اور جموں کے322 گاؤں کے6909 کنبے شامل ہیں۔ اسی طرح اودہمپور کے41 ، ریاسی کے08  اور ڈوڈہ ضلع کے5 کنبوں کو بھی یہ راشن فراہم کیا جاتا ہے۔اس دوران بتایا گیا کہ 1947 ء سے کبھی بھی پاکستانی رفیوجیوں کے حق میں راشن نہیں روکی گئی اور یہ کہ اس حوالے سے میڈیا کے ایک سیکشن میں شائع ایک خبر پوری طرح بے بنیاد اور گمراہ کُن ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیاکہ کابینہ نے مبینہ طور راشن کی عدم فراہمی کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور یہ معاملہ سنجیدگی سے لینے کی واضع ہدایات دی گئی ہیں۔
 
ُ

پی اے سی نے محکمہ تعلیم کے سی اے جی آڈٹ پیراز کا جائیزہ لیا

مڈ ڈے مِیل سکیم کے تحت صاف و شفاف غذا فراہم کرنے کی ضرورت پر زور 

جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پی اے سی کمیٹی کی ایک میٹنگ یہاں ایم ایل اے محمد اکبر لون کی صدارت میں منعقد ہوئی۔کمیٹی نے محکمہ تعلیم کے سی اے جی آڈت پیراز کا جائیزہ لیا۔ اس کے علاوہ مڈ ڈے میل سکیم، فنڈس کی بلاکیڈ اور محکمہ کے دیگر معاملات کو زیر بحث لایا۔ارکان اسمبلی اعجاز احمد خان، پون کمار گپتا اور محمد یوسف بٹ نے میٹنگ میں شرکت کی اور محکمہ کے کام کاج میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ مڈ ڈے میل کے تحت بچوں کو معیاری غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اُٹھائیں تا کہ اس سکیم کے مقاصد کو پورا کیا جاسکے۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے کمیٹی کو سی اے جی رپورٹ پر ہوئی کاروائی اور مختلف سکیموں کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ محکمہ نے سپورٹس کونسل کو مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ پرنسپل صاحبان اور ہیڈ ماسٹر صاحبان کھیل کود سرگرمیوں پر نظر گذر رکھیں گے۔ سیکرٹری جے کے بوس وینا پنڈتا، ناظم تعلیم کشمیر جی این اتو، ناظم تعلیم جموں رویندر سنگھ، ناظم جے کے بوس ڈاکٹر فاروق پیر، سپیشل سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرما، ایڈیشنل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی، منظور احمد بابا اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
 
 

اشوک کھجوریہ کی صدارت میں سبارڈینیٹ کمیٹی کااجلاس

جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی سبارڈی نیٹ لیجسلیشن کمیٹی کی ایک تعارفی میٹنگ ایم ایل سی اشوک کھجوریہ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے کام کاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ نریش کمار گپتا، ڈاکٹر شہناز گنائی، محمد مظفر پرے، یش پال شرما اور وکرم رندھاوا نے میٹنگ میںش رکت کی۔اس موقعہ پر چیئرمین نے کمیٹی کے کام کاج میں بہتری لانے اور اسے نتیجہ خیز بنانے کے لئے ارکان کا تعاون طلب کیا۔کمیٹی نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں سے کہا کہ وہ پبلک سروس کمیشن کو اگلی میٹنگ کے دوران لازمی ریکارڈ سمیت طلب کریں۔ کمیٹی نے ایس آر او64  اور43 جن کا واسطہ کئی ڈیلی ویجروں کے ساتھ ہے، پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی نے کونسل سیکرٹریٹ کو ہدایت دی کہ وہ جسمانی طور ناخیز افراد کو مختلف مراعات سے متعلق لازمی ریکارڈ بھی سماج بہبود محکمہ سے طلب کریں۔میٹنگ میں دیگر لوگوں کے علاوہ سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل محمد اشرف وانی کے علاوہ قانون ساز کونسل کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
 
 

 محمد یعقوب کے والد کے انتقال پر اظہارتعزیت 

جموں // محکمہ اطلاعات نے محکمہ کے ایک سنیئر ملازم محمد یعقوب نجار کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ناظم اطلاعات مُنیر الاسلام کی صدارت میں منعقدہ ایک تعزیتی میٹنگ میں محکمہ کے افسروں اور ملازمین نے شرکت کی اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ میٹنگ میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا گیا۔
 

عبدالحق خان کادورہ ٔادہمپور

سیلف ہیلپ گرؤپ کے شو روم کا افتتاح کیا

اودہمپور// دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے اودہمپور میں سیلز آؤٹ لیٹ اور شو روم کا افتتاح کیا جو انہوں نے علاقے کی خواتین سیلف ہیلپ گرؤپ کو وقف کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ اس جگہ ایس ایچ گرؤپ اپنی مصنوعات کو فروخت کر سکتے ہیں اور یہ سلسلے سال بھر جاری رہ سکتا ہے۔خواتین نے اؤٹ لیٹ پر سبزیاں، میوے، دودھ، ہینڈی کرافٹ اور ہینڈ لوم مصنوعات، خشک میوے، مٹھائیاں، پولٹری فروخت کرنے کے لئے رکھی ہوئی تھیں۔وزیر نے کہا کہ ایس ایس ایچ جیز ریاست میں بہت کامیابی سے اپنا کام کر رہے ہیں بالخصوصی خواتین اپنی اقتصادی حالت کو بہتر بنا رہی ہیں۔بعد میں وزیر نے ضلع اودہمپور میں سٹیٹ رورل لائیولی ہُڈ مشن کی کارکردگی کا جائیزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اودہمپور رویندر کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس آر ایل ایم جموں کپل شرما اور دیگر افسران بھی تھے۔وزیر کو بتایا گیا کہ ضلع کے تین بلاکوں میں83 گرام پنچائتوں کو محکمہ نے مکمل کیا ہے۔بعد میں وزیر نے سیلف سسٹینڈ ولیج آرگنائزیشن اور سیلف ہیلپ گرؤپس میں اسناد تقسیم کئے۔
 

نوجوانوں کوروزگارفراہم کرناحکومت کی ترجیحات میں شامل:گنگا

ویری مشن سکول سانبہ میں روز گار میلے کا افتتاح

جموں// صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے کاویری مشن سکول سانبہ میں ایک روز گار میلے کا افتتاح کیا۔اس میلے کا اہتمام پردھان منتری کوشل کیندر نے کیا تھا۔ لگ بھگ350 طُلاب کو مختلف ہنروں میں تربیت دی گئی۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست کے تمام نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو کارپوریٹ انڈیا سے متعارف کرانا ہے۔چیئرمین پی ایم کے کے سانبہ پردیپ منیش، اے ڈی سی سانبہ ٹی آر شرما اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل وزیر نے وجے پور میں دیہی ترقی محکمہ کی طرف سے چلائے جارہے مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔وزیر نے شِو مندر سے داتی مندر تک سڑک کی تعمیر کے کام کا سنگ بنیاد رکھا جس پر10 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔
 
 

ذوالفقار کی تیل کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ

 ایل پی جی اوردیگرمصنوعات کے مناسب سٹاک کی ہدایت 

جموں // خوراک، شہری رسدات، امور صارفین اور امور قبائل کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے تیل کمپنیوں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ریاست میں ایل پی جی اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا۔وزیر نے اس موقعہ پر ریاست کے دُور افتادہ برفیلے علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا بھی جائیزہ لیا اور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کم از کم21 دنوں کے لئے ایل پی جی کا سٹاک یقینی بنائیں تا کہ مقامی لوگ ضروریات زندگی کے لئے پریشان نہ ہوں۔میٹنگ میں ایل پی جی کی ہوم ڈلیوری، اننت ناگ، کرگل، راجوری اور دیگر علاقوں میں ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ قائم کرنے کے امکانات پر غور وخوض کیا گیا۔وزیر نے تیل کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ فیول سٹیشنوں پر ٹوائلٹ کی سہولیات کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر، کنٹرولر لیگل میٹرالوجی ڈیپارٹمنٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں، جوائنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ایم ڈی،انڈین آئل کارپوریشن لمٹیڈ، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمٹیڈ، ہندوستان پیٹرولیم گیس کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔