خبریں

     

قانون ساز اسمبلی ماحولیاتی کمیٹی کا چینئی ناشری ٹنل کا دورہ

آلودگی کے اثرات کم کرنے کیلئے موثرمیکانزم مرتب کرنے پرزوردیا

ادھمپور/ قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی نے چینئی ناشری ٹنل اور اس سے ملحقہ مقامات کا دورہ کر کے موقعہ پر ہی ٹنل کے اندر اور اس کے ارد گرد ماحولیاتی مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ٹیم قانون ساز پون کمار گپتا ، چودھری محمد اکرم ، گلزار احمد وانی ، محمد عباس  وانی اور سید محمد باقر رضوی پر مشتمل تھی جس کی قیادت کمیٹی کے چیئرمین محمد یوسف تاریگامی کر رہے تھے۔ڈپٹی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی اور تحصیل انتظامیہ اور مختلف تعمیراتی کمپنیوں کے  انجینئران ٹیم کے ہمراہ تھے ۔ماحولیاتی کمیٹی نے ٹنل کے اندر بڑے کنٹرول روم کا معائینہ کیا اور ٹنل کے اندر بڑھتی آلودگی کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ٹنل کے اندر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے محسوس کیا کہ ٹنل کا استعمال کرنے والے لوگوں پر آلودگی کے خطرناک اثرات کو کم کرنے کی نگرانی کے لئے فوری طور ایک موثر میکانزم مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔کمیٹی نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا اور ٹنل کے اندرا اور اس کے اردگرد ٹریفک کے نقل و حمل کو باقاعدہ بنانے پر زور دیا۔
 
 

ڈی سی اور کنسٹریکشن کمپنیوں کا اجلاس

رام بن//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حُسین گنائی نے این ایچ ۔1 اے کے فور لیننگ پروجیکٹ پر کنسٹریکشن کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کا انعقاد کیا ،تاکہ پروجیکٹ کی تعمیر میں در پیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے ائی، اے سی آر وویک پوری،ایس ڈی ایم بانہال ،ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی حسن محمد ،پی ڈی ، این ایچ اے آئی ایم ٹی اٹارڈے ،ایگزیکٹو انجینئر ٹی ایل ایم ڈی ،ایگزیکٹو انجینئر ایس ٹی ڈی ،تحصیلداروں و کنسٹریکشن کمپنیوں نویوگ، رامکے، ایچ سی سی ،گیمن انڈیا کے نمائندوں و دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔فور لیننگ اہم پروجیکٹ کی اہمیت کے مد نظر انہوں نے کمپنیوں کو یقین دلایا کہ قومی شاہراہ پر پروجیکٹ کے کام میں در پیش روکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے تمام مدعوں پر تفصیلی غور و خوض کیا اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کنسٹریکشن کمپنیوں کو سماجی ذمہ واریاں نبھانے کی ہدایت دی تاکہ مقامی لوگوں اور کمپنیوں کے درمیان بہتر تال و میل پیدا کیا جا سکے اور جاری پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ایک ساز گار ماحول بنایا جا سکے۔ڈی سی نے حُکام کو کرئش بیرئیر نصب کرنے اور دفر بغیر کسی پریشانی کے جاری رکھنے کے لئے تمام گڑھوں کو پُر کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کٹائی کی کام سے غیر محفوظ مقامات پر پروٹکشن ورک شروع کرنے  اور ٹراسمیشن لائن کے ٹاور ترجیحی بنیادوں پر منتقل کرنیکی ہدایت دی، تاکہ فور لیننگ کام میں کوئی تاخیر نہ ہو پائے۔اس سلسلہ میں موقعہ پر ہی کئی مدعے حل کئے گئے۔
 
 

رام بن میں پُر اسرار حالات میں موت

ایم ا یم پرویز
رام بن //رام بن میں پولیس نے ایک شخض کی نعش برآمد کی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق تحصیل رام بن کے اہدیوا علاقہ میں ایک خندق سے ایک نعش کو برآمد کیا گیا ہے،جسکی شناخت شام لعل ،عمر 44سال ولد لال چند ساکنہ اہدیوا کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے پُر اسرار موت پر ایک معاملہ درج کیا ہے ا ور مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد نعش لواحقین کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے سونپی ہے۔      
 
 
   

 رام بن میں رابطہ سڑک پر نا جائز تجاوزات

 ایم ایم پرویز
رام بن// ضلع ہسپتال ، پولیس سٹیشن اور کورٹ روڈ کمپلیکس کو جانے والی رابطہ سڑک پر جگہ جگہ دکانداروںنے اپنی اشیاء رکھ کر اس سڑک پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے اس پر ستم ظریفی یہ کہ کچھ لوگ بھی  اس سڑک پر نا جائز طور سے گاڑیوں کو پار ک کردیتے ہیں جس کی وجہ سے  عام لوگوں نے خصوصی طورپر سے خواتین اور اسکولی بچوں کی آمد ورفت مشکل بن گئی ہے اگر ان ناجائز تجاوزات کو جلد ہٹایا نہیں گیا تو سڑک حادثات ہونے کا خطرہ ہے جس میں کسی بھی سکولی بچے یا عام شخص کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے  مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ ناجائز تجاوزات کی وجہ سے اس سڑک پر ٹریفک جام ایک معمول بن گیا ہے جس کے نتیجہ  میں ہسپتال میں علاج کے لئے آنے والے بیماروں کو شدید تکلیف ہورہی ہے۔ ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ گاڑیوں کی غلط پارکنگ کی وجہ سے عام لوگوں  خاص طورپر بیماروں کو سخت عذاب ہورہاہے حتی  کہ ہسپتال کے مین گیٹ پر بھی غلط پارکنگ کی جاتی ہے ۔ قصبہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے استدعاک ی ہے کہ اس رابطہ سڑک پر ناجائز تجاوزات کو جلد از جلد ہٹایاجائے اور غلط پارکنگ کرنے والے اشخاص کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کی جائے تاکہ عام لوگوں خصوصی طورپر بیماروں اورطلباء کو راحت مل سکے ۔
 
 

ضلع ہسپتال کا استعمال کار پارکنگ کیلئے 

مریض و تیمار دار پریشان، محکمہ کااظہار معذوری

  ایم ایم پرویز
رام بن//نو قائم شدہ انسیلری میڈیکل ٹریننگ (اے ایم ٹی) سکول کا احاطہ  بشمول ضلع ہسپتال رام بن کا احاطہ قصبہ کے مقامی لوگ اپنی کار پارکنگ کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ متعلقہ حُکام اس مسلہ کے خلاف سنجیدہ نہیں ہیں۔ضلع ہسپتال کے اہلکار و افسر اس مسلہ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ضلع کے تمام دفاتر نو تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میتراں منتقل ہونے کے بعد محکمہ مال کی زمین پر اے ایم ٹی سکول تعمیر کیا گیا ہے ،جس کے احاطہ کا بھی کار پارکنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ریاست کی وزیر اعلیٰ اس عمارت کو عنقریب ہی افتتاح کرکے محکمہ صحت و طبی تعلیم کو سونپے گی۔ذرائع کے مطابق ضلع ہسپتال میں مریضوں کی کافی تعداد ہر روز ہوتی ہے لیکن انکو ہسپتال کے اندر داخل ہونے کیلئے راستہ نہیں ملتا ہے کیونکہ غلط پارکنگ کی وجہ سے سڑکو ں پر گاڑیاں کافی تعدادا میں ہوتی ہیں۔پرائیویٹ کا رمالکان کی جانب سے ناجائز طور سے ضلع ہسپتال کے احاطہ کو بطو کار پارکنگ استعمال کرنے سے مریضوں کو کافی پریشانیاں ہوتی ہیں،اتنا ہی نہیں غلط پارکنگ کی وجہ سے ڈاکٹروں،مریضوں اور تیمار داروں کو بھی کافی پریشانی ہوتی ہے۔محکمہ صحت کے اہلکار اس سلسلہ میں اپنی معذوری کا اظہار کر رہے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت نہیں کر سکتے ہیں اور ٹریفک پولیس اور پولیس اہلکاروں کو اپنا کام کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
 
 

 ضلع کشتواڑ میں سڑکوں کی حالت خستہ

نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//ریاست کے عوام کو رسل ورسائل کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حکومت کے دعویٰ کے باوجود ضلع کشتواڑ میں زیادہ تر سڑکوں کی حالت خستہ ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ کلید،پوہی براستہ ہلر اور دیگر دیہاتوں کو جانے والی سڑکوں کی حالت سال با سال سے نہایت ہی خستہ ہے ان علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سال2014میں اسمبلی انتخابات کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے ان سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور دیگر مسائل حل کرنے کا یقین دلایا تھا مگر نہ تو سڑکوں کی بہتر بنائی گئیںاور دیگر مسائل بھی جوں کے توں التوا میں پڑے ہوئے ہیں۔پوہی اور دیگر علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے جہاں سکولی طلباء کو آنے جانے میں دشواری آتی ہے وہاں بیمار اشخاص کو ضلع ہسپتال تک پہنچانے میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سڑک حادثات کا خطرہ تو ہر وقت رہتا ہے۔سرکاری ریکارڈ میں موضع ہلر کو ماڈل ولیج کا درجہ دیا گیا ہے۔سال2009میں این سی۔کانگریس حکومت کے دور اقتدار میں ان سڑکوں کی تجدیدومرمت پر1.20کروڑ روپے خرچ کئے گئے تھے لیکن اس کے بعد پانی کی پائپیںبچھانے،سٹریٹ اور سولر روشنیاں نصب کرنے کی وجہ سے ان سڑکوں کی حالت خستہ بن گئی ان علاقوں کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے استدعا کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کریں اور ان سڑکوں کی تجدیدو مرمت کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں تاکہ عام لوگوں کو راحت مل سکے۔
 
 
 

گول میں شمس الدین وانی کی سبکدوشی پر الوداعی تقریب

زاہد بشیر
گول//ل میں آج محکمہ پشو پالن سے شمس الدین وانی کی سبکدوشی پر الوداعی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں گول کے معززشہریوں کے علاوہ محکمہ پشو پالن و دوسرے محکمہ کے آفیسران و ملازمین بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر ایک تقریب ڈاک بنگلہ گول میں منعقد ہوئی جہاں پر گول کی معروف سماجی تنظیم پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی گول نے شمس الدین وانی کو اُن کی سبکدوشی پر انہیں مبارک باد پیش کی اور کہا کہ شمس الدین وانی نے باعزت طریقے سے اپنے فرائض انجام دئے اور محکمہ میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کیا ۔ پیس اینڈ ویلفیئرکے صدر عبدالرشید بیگ نے اس موقعہ پر کہا کہ شمس الدین وانی اب سبکدوشی کے بعد گول کی عوام کے لئے کام کریں گے اور یہاں کی عوام کو ایسے با عزت اور ایماندار شخصیات کی بہت ضرورت ہے ۔ اس موقعہ پر گول کے معزز ین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور شمس الدین وانی کو اُن کی سبکدوشی پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سبکدوشی کے بعد اب شمس الدین وانی عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنی باقی زندگی وقف کریں گے اور ایسے نیک اور ایماندار لوگوں کی یہاں پر کافی ضرورت ہے ۔بعد میں انہیں بڑی شادمانی کے ساتھ انہیں رخصت کیا اور ان کے گھر نزدیک سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا ۔ جہاں پر آئے ہوئے مہمانوں کے لئے اُن کے دولت خانہ پر طعام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ اور اُن کے ہمراہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے بھی محکمہ کے آفیسران و ملازمین آئے تھے اور انہیں با عزت سے گھر پہنچایا اور انہیں تحائف بھی پیش کئے ۔
 
 

حنیفہ بیگم کے انتقال پر شریف نیاز کا اظہار دکھ

محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//سابق ریاستی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر محمد شریف نیاز نے حنیفہ بیگم زوجہ محمد شفیع ملک ساکنہ تلوگڑہ کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ہے۔موصوف نے جمعرات کو مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور کچھ وقت پسماندگان کے ساتھ گذارا۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبرجمیل کی دْعا کی۔مرحومہ کا انتقال بدھ اور جمعرات کی درمیان شب ہوا تھا اور جمعرات کو ہزاروں لوگوں نے اْن کی نماز جنازہ ادا کی جس کے بعد اْنہیں سپرد خاک کیا گیا۔
 
 

پن بجلی پروجیکٹوں میں تاخیر

کشتواڑ کے نوجوانوں نے برہمی کا کیااظہار 

نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//کشتواڑ کے نوجوانوں نے ضلع میں تین پن بجلی پروجیکٹوں کی شروعات میں کافی عرصہ سے ہو رہے تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ضلع کے بیروزگار نوجوانوں کا ایک اجلاس زیر قیادت جوگیندر بھنڈاری منعقد ہوا ،جس میں پکل ڈول ،کئیرو، کواڑ،کرتھائی پن بجلی پروجیکٹوں کے شروعات میں ہو رہے تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔اجلاس میں شرکا نے مرکزی و ریاستی سرکار کی جانب سے ان ہائیڈرالک پروجیکٹوں کی شروعات میں ناکام رہنے پر کافی مذمت کی ہے، جسکی وجہ سے ضلع کے بیروزگار نوجوانوں میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میںبھنڈاری نے ریاستی مخلوط سرکار پر لوگوں کے مشکلات کا ازالہ کرنے میں ناکام رہنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔انہوںنے کہا کہ مخلوط سرکار کی دونوں شریک پارٹیوں نے اسمبلی انتخابات کے دوران ان پروجیکٹوںپر کام شروع کرنے وعدہ کیا تھا لیکن یہ باعث تشویش ہے کہ دونوں پارٹیاں اسمبلی انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے بھول گئی ہیں۔بھنڈاری نے مزید کہا کہ ایم ایل اے کشتواڑ سنیل شرما ،جو کہ وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ بھی ہیں نے وعدہ کیا تھا کہ پکل ڈول ہائیڈرو الیکٹرک پروجکٹ پر کام عنقریب ہی شروع کی جائے گی۔لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ سب کُچھ بھول گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پکل ڈول، کئیرو اور کواڑ ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹ 2011میںجوائنٹ وینچر یعنی کہ چناب ویلی پائور پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کو سونپے گئے تھے لیکن تب سے کافی وقت گُذر گیا ،پھر بھی منیجمنٹ اس پروجیکٹوں پر کام شروع کرنے میں ناکام ہو گئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ریٹل پروجیکٹ دربشالہ کی شروعات 2014میں کی گئی تھی اور ابتدائی مرحلہ پر اس پروجیکٹ پر493افراد کو تعینات کیا گیا تھالیکن   2014بعض بی جے پی کارکنان ایم ایل اے کشتواڑ سنیل شرما کے ایما پر پروجیکٹ کی سائٹ میں زبر دستی داخل ہوئے ،جسکی وجہ سے پروجیکٹ پر کام معطل ہوا ،نتیجہ کے طور پر 493ورکر بیکار ہوگئے اور ریٹلی ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹ کو بند کرنا پڑا، تب سے پروجیکٹ بند ہو گیا ہے۔ بھنڈاری نے مرکزی سرکار سے ان پروجیکٹوں پر کام فوری طور شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے
 
 

ٹیلرنگ اور سٹیچنگ کلاسز کا اہتمام  

کشتواڑ//فوج کی جانب سے ضلع کشتواڑ کے پتنازی اور شیر گواڑی دیہات میںمورخہ 06  نومبر سے 30 نومبر2017تک ٹیلرنگ و سٹیچنگ کلاسز کا اہتمام کیا گیا ۔اس کا اہم مقصد ضلع کے دور دراز دیہات کے لوگوں کو بااختیار بنا کر انہیں اقتصادی طور خودمختیار بنانا تھا ۔پتنازی اور شیرگواڑی کی 12خواتین نے ان تربیتی کلاسز میں شرکت کی۔ان کلاسوں کا انعقاد فی کس لوکیشن میںدو انسٹریکٹروں کے تعاون سے کیا گیا۔اس تربیت سے جہاں یہ خواتین ہنر سیکھ پائیں گے وہیں ان میں اعتماد پیدا ہوگا ، جس سے وہ اپنا اینٹرپرائز شروع کرنے کے قابل بن جائیں گے۔کیمپ میں خواتین کا جوش سے جذبہ سے شرکت کرنا فوج کی جانب سے ایک اہم کامیابی ہے ،جس سے دور دراز علاقہ میں لوگ اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے۔
 
 

کشتواڑمیں آپسی رواداری کی نشست کا انعقاد 

کشتواڑ//فوج کی جانب سے ضلع کشتواڑ کے شالیمار میں آپسی واداری کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ کا مقصد تمام فرقوں کے مذہبی لیڈروںکے درمیان آپسی اشتراک پیدا کرنا اور خطہ میں آپسی رائے پیدا کرنا تھا اور آپسی بھائی چارے و رواداری کو مستحکم بنانا تھا۔اجلاس میں کل ملا کر  35 مقامی لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کو کشتواڑ کی ترقی میں فوج کی جانب سے مختلف پروجیکٹوں کی تعمیر سے نبھائے جا رہے کردار سے بھی  واقف کرنا تھا۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے لوگوں کو آپسی بھائی چارہ سے رہنے کے لئے منعقد کئے گئے اس اجلاس کی سراہنا کی۔مقامی لوگوں نے اجلاس میں نہایت ہی جوش و شوق سے شرکت کی۔اور فوج کی جانب سے ضلع میں تمام
 شعبوں میں راہم کی جا رہی خدمت کی کافی سراہنا کی۔
 
 

ریاسی میں روڈ سیفٹی بیداری کیمپ کا اہتمام 

ریاسی//ریاسی میں محکمہ موٹرو وہیکلز (ایم وی ڈی) کی جانب سے بس اسٹینڈ پر ایک روڈ سیفٹی بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بابو رام نے شرکا سے گاڑی چلاتے ہوئے اور رائڈنگ، تیز رفتاری ،شراب پی کر اور موبائیل فون کا استعمال کرکے گاڑی چلانے سے اجتناب کرنے کی صلاح دی۔انہوں نے کہا کہ شراب پر کر یا  تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر قیمتی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔انہوںنے محفوظ ڈرائیونگ کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل کرکے تمام مطلوبہ اقدام کرنے کی ضروت پر زور دیا ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اے آر ٹی او شمی کمار نے سڑک حادثات کو کم کرنے کیلئے بعض احتیاطی تدابیر کرنے کی صلاح دی۔انہوں نے شرکا سے ڈرائیوروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کو کہا ۔انہوں نے نوجوانوں پر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عام طور سے ٹو وہہیلر ڈرائیور ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے ہیں اور نہ ہی گاڑیا ں چلانے والے سیٹ بیلٹ کا استعمال کرتے ہیں۔تقریب میں انسپکٹر ایم وی ڈی ریاسی ،مختلف محکموں کے افسروں، ٹرانسپورٹ یونینوں کے نمائندوں ،سٹاف ممبران، ڈرائیوروں کی ایک بڑی تعداد اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔