سرینگر//خانیار سرینگر میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں مسجد شریف سمیت دیگر کئی ڈھانچے خاکستر ہو گئے جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر سروس کے دو اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔ عقلمیر خانیار علاقے میں منگل کی صبح اس وقت افراتفری کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں آگ کی ایک واردات رونما ہوئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر ہولناک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے مقامی مسجد اور آس پاس کی دکانیںاس کی لپیٹ میںآگئیں ۔مقامی لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروس محکمہ کو مطلع کیا جنہوں نے جائے واردات پر پہنچ کر آگ بجھانے کیلئے مقامی لوگوں کے ساتھ کارررائی شروع کی تاہم جب تک آگ پر قابو پایا جاتا تب تک مسجد، ایک رہائشی مکان اور کئی دکانیں خاکستر ہونے کے علاوہ مدرسہ مصباح الرشید کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بشیر احمد شاہ نے بتایا کہ گنجان آبادی ہونے کے نتیجے میں آگ بجھانے کی کارورائی میں وقت لگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے باوجود بھی آگ بجھانے کیلئے دس سے بارہ گاڑیاں علاقے میں روانہ کر دی گئی تھیں اورآگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں محکمہ کے دو اہلکار بھی زخمی ہو ئے جن میں سجاد احمد اور رفیق احمد شامل ہے ۔دریں اثناء عوامی مجلس عمل نے عقلمیر خانیار میں مقامی مسجد شریف اور درسگاہ کے نذر آتش ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے مسجد اور درسگاہ کی تعمیر کیلئے دل کھول کر امداد کی اپیل کی ہے ۔