سرینگر +سوپور // پولیس نے آری باغ نوگام میں بھاجپا لیڈر کے گھر پر ہوئے جنگجویانہ حملے کے سلسلے میں 2جواں سال لڑکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔آری باغ حملے میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت ہوئی تھی اور اسکا ہتھیار بھی چھین لیا گیا تھا۔ بعد میں پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں ملوث کھریو کے دو جنگجوئوں کو پرچھو پلوامہ کے ایک اور ساتھی جنگجو سمیت کاکہ پورہ گھاٹ پلوامہ میں مسلح جھڑپ کے دوران جاں بحق کیا گیا۔ حملے میں استعمال کی گئی ماروتی کار بھی ضبط کی گئی تھی اور اس ضمن میں ایک نوجوان کو بھی حراست میں لیا گیا جس نے کار فراہم کی تھی۔ اب بتایا جاتا ہے کہ اس کیس کے سلسلے میں تبسم مقبول دختر محمد مقبول اور انجم یونس دختر محمد یونس بٹ ساکنان کینہ ہامہ بونہ گام نوگام کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں لڑکیوں کیخلاف نوگام پولیس تھانے میں کیس زیر نمبر 27/2021درج کیا گیا ہے۔ادھرپولیس نے پیر کے روز بڈو باغ خانیارمیں سڑک کے قریب ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔اس موقع پر فوری طور پر پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ کر علاقہ کو گھیرے میں لے ٹریفک کی نقل و حرکت بند کرکے بم سکارڑ طلب کرکے دھماکے خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا ایس ایچ او خانیار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس کو بڈو باغ میںشام 6 بجے کے قریب سڑک پر ایک لاوارث بند سٹیل ڈبہ ملا، جس کے فوراً بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر طلب کیا گیا اور ڈبہ کو کھولا گیا جس میں سے بارودی مواد ملا، جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔اس دورانقصبہ سوپور میں فورسز نے جنگجوئوں سے وابستہ ایک نوجوان کو اسلحہ اور گو لہ بارودسمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ماڈل ٹائون کراسنگ پر 22آر آر ،179بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ چیکنگ کے دوران ٹی آر ایف تنظیم سے وابستہ ایک بالائے زمین کارکن کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ، جس کی شناخت احسان الحق کھانڈے ولد نذیر احمد کھانڈے ساکن فیصل آباد سوپور حال نوپورہ کلاں کے طور ہوئی ہے۔ اس کے قبضے سے گولہ بارود برآمد بھی کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سوپور پولیس نے کیس زیر نمبر82/2021درج کر کے مزید تفتیش شروع کی ہے۔ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔