سرینگر// بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر رہنمااورمرکزی وزیرمختار عباس نقوی نے یہاںجمعہ کوکہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت جموں کشمیر کو’’خاندانوں کی کورپشن‘‘ سے پاک کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی زیرانتظام علاقہ ’’خاندانی جال ‘‘ کو تباہ کرکے اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔بالہامہ سرینگر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ،’’وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے دہلی میں اقتدار کے گلیاروں میں ’’خاندان کی کورپشن‘‘کاخاتمہ کیااوراب وہ جموں کشمیرکو’’خاندان کی کورپشن ‘‘سے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا کے لئے سیکولرازم ووٹ سیاست کے معنی نہیں ہے۔انہوں نے کہا،’’یہ مل جل کر ترقی کا عزم ہے۔مودی کا دور، اقبال ،انصاف اور ایمان کادور ہے جس میں ملک کی ترقی ،خوشحالی اور سلامتی کو سرفہرست ترجیح حاصل ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی دہائیوں کے بعد جموں کشمیرکے لوگ شفاف جمہوری اور ترقیاتی عمل میں برابر کے شراکت دار بنے ہیں ۔نقوی نے الزام لگایا کہ ’’خاندانی سیاست‘‘نے دانستہ طورجموں کشمیرکے لوگوں کومین اسٹریم ترقیاتی عمل اوران کے آئینی حقوق سے محروم رکھا۔انہوں نے مزیدکہا کہ اب بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے مرکزی زیرانتظام علاقہ کوخوشحالی کے راہ پر لیجانے کاعزم کیا ہے ۔ نقوی نے پارٹی کے اِس الزام کو دہرایاکہ ’’گپکار الائنس‘‘ملک کے خلاف ایک سازش ہے ۔انہوں نے کہا،’’یہ اتحاد جموں کشمیرکے لوگوں میں کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔لوگ کسی بھی ایسے اتحاد کو قبول نہیں کریں گے جو کشمیرکوعلیحدگی پسندی اور شدت پسندی کے دلدل میں واپس لینا چاہتے ہیں۔