سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرگریش چندر مرمو نے اختیارات کی بنیادی سطح پر غیر مرکوزیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے بہتر انتظامیہ کی فراہمی کے مقصد کے حصول کے لئے بنیادی سطح پر جمہوری نظام کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر یہاں راج بھون میں میونسپل چیئرپرنسز کی کوآڈنیشن کمیٹی کے ارکان اور صدور کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے۔کمیٹی کے اَرکان کی قیادت محمد اقبال کر رہے تھے جس کے دیگر ارکان میں ارشاد احمد ، زاہد حسین جان، محمد الطاف ، عبدالکریم ، عمر ککرو ، مسرور بانڈے اور مشتاق احمد جو بالترتیب ڈورو، حاجن ، چرارِ شریف ، گاندربل ، کنزر، بارہمولہ ، ہندواڑہ اور دیوسر علاقوں سے وابستہ ہے ۔اُنہوں نے بلدیاتی اِداروں کے نمائندوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مانگیں مسائل پیش کئے اور دیگر عوامی اہمیت کے معاملات بشمول 74 آئینی ترمیم کی عمل آوری ، بلدیاتی اور پنچایتی راج اداروں کے نمائندوں کے حفاظتی اقدامات ، صفائی کرمچاریوں کی بھرتی اور ان کو بیمہ پالیسی کے دائرے میں لانا، پی ایم اے وائی بقایاجات کی واگذاری وغیرہ شامل تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت بنیادی سطح پرجمہوری نظام کو مستحکم بنانے کیلئے 74 آئینی ترمیم کے لئے پُرعزم ہے جس کے تحت بلدیاتی اِداروں کو اِختیارات تفویض کئے جائیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی اور پنچایتی راج اِداروں کے لئے ایک علاحدہ کیڈر ترتیب دیاجارہا ہے۔بلدیاتی اور پنچایتی راج اداروں کے نمائند وں کی حفاظت سے متعلق معاملات کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ارکان کو یقین دِلایا کہ حکومت اُن کی حفاظتی مسائل کا مفصل جائزہ لے رہی ہے او را ِس کا ازالہ عنقریب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو پہلے ہی بیمہ کے دائرے میں لایا گیا ہے اِس کے علاوہ بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کے مشاہرے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بے زمین لوگوں کے لئے کلسٹر ہاوسنگ کی پالیسی لاگو کررہی ہے ۔