سرینگر//پھولبانی، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امد اد ، با ز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے آج محکمہ پھولبانی کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہوں تاکہ لوگوں کو بنیادی سطح پر متعلقہ سکیموں کے فوائد حاصل ہوں ۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار محکمہ پھولبانی و دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ کا وزیر اعلیٰ کے ہدایات پر ایکشن ٹیکن رِپورٹ کا جائزہ لینے کے لئے انعقاد کیا گیا تھاجو انہوں نے ریاست میں نئی پارکوں کو ترقی دینے ، اَپ گریڈیشن ، دیدہ ٔ ذیبی اور موجودہ پارکوں کی دیکھ ریکھ کے سلسلے دئیے تھے۔وزیر نے محکمہ پھولبانی کی طرف سے کلہم پیش رفت کا جائزہ لیا۔ کمشنر سیکرٹری جنگلات سوربھ بھگت ، سیکرٹری فلوری کلچراینڈ ڈی ایم آر آر آر طلعت پرویز ، ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر الطاف اندرابی ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر ایم اے قادری ، ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر مطہورہ معصوم ، ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں ببیلا رکوال، ڈائریکٹر پلاننگ پی ڈی اینڈ ایم ڈی طارق احمد ، ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی سید عبدالقاسم کے علاوہ محکمہ جنگلات ، سیاحت ، زراعت ، آر کے وی وائی ، سکاسٹ اور محکمہ پھولبانی کے اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔وزیر نے محکمہ پھولبانی کے ان کوششوں کو سراہا جن کی بدولت ایشیا کے سب سے بڑے باغ گلالہ کو سنبھالنے اور اس میں رونق بخشی اور اس باغ کو ورلڈ بُک آف ریکارڈس میں شامل کیا گیا ہے۔وزیر نے کہا کہ محکمہ پھولبانی ریاست کا اہم محکمہ ہے جس کی بدولت ہرطرف سبزہ زار باغ اور لہلہلاتے ہوئے گلشن نظر آتے ہیں۔وزیر نے کہا کہ ریاست کے ہر ضلع میں ایک ماڈل پارک جدید طرز پر تعمیر کی جائے گی جہاں لوگوں کی تفریح کے لئے تمام طرح کی سہولیات فراہم ہوں گی جن میں جِم ،بچوں کی دل بہلائی کا سامان ،واکرس پاتھ وغیرہ شامل ہے۔اس موقعہ پر محکمہ پھولبانی کی ناظمہ مطہورہ معصوم نے وزیر کو کشمیر صوبے کے اے ٹی آر کے بارے میں جانکاری دی۔معصوم نے کہا کہ حکومت نے مغل باغات کے چراغاں کے لئے ایک کروڑ روپے فراہم کئے ۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا گیا ہے اور سرعت سے جاری ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ سرینگر شہر میں اَپ ٹاون اور ڈاون ٹاون میں 150پارکیں قائم ہیں جنہیں محکمہ بخوبی سنبھال رہا ہے۔ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں نے اس موقعہ پر جموں صوبہ میں محکمہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں وزیر کو جانکاری دی۔