جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ مخلوط سرکار کی طرف سے پچھلے تین برسوں کے دوران حصولیابیوں کی بدولت ریاست میں ترقیاتی عمل میں زبردست تبدیلی لائی گئی ۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا۔ جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ، صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت، صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، سیاحت و تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی،منصوبہ بندی و خزانہ کے وزیر مملکت اجے نندا ، او بی سی بورڈ کے وائس چیئرمین رشپال ورما، ارکان قانون سازیہ ست پال شرما، راجیش گپتا اور جموں صوبہ کے کئی معزز شہریوں نے میٹنگ میں حصہ لیا۔مختلف سیکٹروں میں درج کی حصولیابیوں کا ذکرکرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان حصولیابیوں کی بدولت ریاست میں تعمیر و ترقی کی سرگرمیوں میں زبردست انقلاب درج کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ متعلقہ ایجنسیوںکو ضروری رقومات دستیاب رکھے جاتے ہیں تاکہ وہ مختلف پروجیکٹوں پر عمل آوری میں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کریں۔نائب وزیر اعلیٰ جموں خطے میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کی بدولت سیاحتی شعبے میں ضرورت کے مطابق ترقی درج کی گئی اور صوبے کے مختلف مذہبی مقامات پر سیاحوں کی آمد کے سلسلے میں سہولیات بہم رکھی جارہی ہیںاور جن علاقوںمیں ابھی تک سیاحتی مقامات کو ترقی نہیں دی گئی تھی پر ترجیحی بنیادوں پر سیاحتی بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جارہا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ جموںمیں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کی بدولت مختلف علاقوںمیں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ لوگوں کی اقتصادی حالت بہتر ہوسکے اور نوجوان اپنا روزگار آسانی سے حاصل کرسکیں۔توی رور فرنٹ پروجیکٹ پر جاری کام کا ذکرکرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 3.5کلومیٹر لمبائی کے فاصلے پر ترقیاتی کام شروع کیا گیا جس میں حفاظتی باندھ بنانا ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کرنا ،دریائے کے کناروں پر تفریحی سہولیات فراہم کرنا اور سیاحتی سہولیات کو ترقی دینا شامل ہیں۔جموں میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو پروجیکٹ کے ضروریات کے مطابق مختلف کاموں کو ترجیحات میں شامل کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ تاریخی پرانے شہر کے ارد گرد شانِ رفت کو بحال کرنے کے سلسلے میں کئی کثیر منزلہ پارکنگ پروجیکٹوں کی تکمیل عمل میں لائی گئی ہے جن میں جنرل بس سٹینڈ ، ملٹی فیسلٹی سینٹر سٹی چوک ، پنجترتھی ، کنک منڈی ، پرانی منڈی ، رگھوناتھ بازار و دیگر منسلک شامل علاقے شامل ہیں۔