جمو ں//ریاست کے بے روز گار نوجوانوں کو ملک اور بیرون ملک میں روز گار کے مواقعے فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ اؤر سیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ(جے کے ایس او ای سیل ایل) کو از سر نو شروع کرنے ا ور کارپوریشن کے ذریعے ہُنر مند بے روز گار افرادی قوت کوبیرون ممالک میں روز گار فراہم کرنے کیلئے متحرک بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔اس کے علاوہ گورنر انتظامیہ والینٹری سروس الاؤنس سکیم کو بھی دوبارہ شروع کرنا چاہتی ہے جس کے تحت تعلیم یافتہ بے روز گار نوجوانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔اس سکیم پر2015 سے عمل درآمد نہیں ہورہا تھا۔ان باتوں کا اظہار گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے یہاں محنت و روز گار محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت، چیف ایگزیکٹو افسر جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرس ویلفیئر بورڈ(جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو) مظفر احمد پیر، ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ایم آئی پرے، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ وائی پی سمن، جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ کے ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریز، جے کے بنک کے نمائندے اور مختلف محکمہ کے سنیئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ محکمہ محنت نے آن لائین ڈیش بورڈ معرض وجود میں لایا ہے اور13 خدمات آن لائین فراہم کی جاتی ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ26 خدمات کو پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے دائرے میں لایا گیا ہے۔پرویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن ( پی ایف او) اور ایمپلائیز سٹیٹ انشورنس کارپوریشن کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایف او پورٹلurlwww.jkepfo.gov.in پر خدمات فراہم کررہا ہے اورتمام اضلاع میں ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا کام شروع کیا گیا ہے۔مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مشن موڈ کے تحت چلائیں اور معیاد بند طریقے پر آرگنائزیشن کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کریں۔جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ 359695 ورکروں کو اب تک رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور بورڈ نے 83470.68 لاکھ روپے کی آمدن حاصل کی ہے۔سال2018-19 کے دوران بورڈ نے مختلف بہبودی سکیموں پر7635 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔میٹنگ میں ای ایس آئی سی/ ای ایس آئی ایس اور جے اینڈ کے ای پی ایف او سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔محنت کش طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بہبودی سے متعلق مختلف سکیموں کو اُجاگر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے فیلڈ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کریںتا کہ لوگ ان سکیموں اور پروگراموں سے روشناس ہوسکیں۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ جے کے ای ڈی آئی اور ڈبلیو ڈی سی کی طرف سے جاری مختلف سکیموں پر نگرانی رکھنے کے لئے ایک مستحکم نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
حکومت کااؤر سیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کو ازسر نو شروع کرنے کا ارادہ
