راجوری //بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے حکومت کی طرف سے لوگوں تک پہنچنے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے راجوری ضلع کے کالا کوٹ علاقے کے کئی دیہات میں عوامی درباروں کا انعقاد کر کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ضلع انتظامیہ راجور ی کے کئی اعلیٰ افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔اس دوران ضلع کے دُور اُفتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک شفاف اور جواب دہ انتظامیہ لوگوں تک پہنچانے کی وعدہ بند ہے تاکہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل ہوسکیں۔اُنہوںنے کہاکہ حکومت لوگوں کو درپیش مسائل سے پوری طرح باخبر ہے اور اُنہیں حل کرنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی فلاحی سکیموں سے استفادہ کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ پروجیکٹوں کی عمل آوری کے لئے مرکزی سرکار فراخدلانہ رقومات واگزار کرر ہی ہے ۔اس موقعہ پر لوگوں نے پانی ، بجلی ، سڑک رابطوں ، طبی نگہداشت اور دیگر شعبوں کے مسائل اُجاگر کئے ۔مقامی مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر نے تریاٹھ میں ایک چھوٹی سڑک تعمیرکرنے کے لئے اپنے سی ڈی ایف میں سے 11لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔