جموں//بین الاقوامی سرحدکے ساتھ واقع رام گڑھ سیکٹرمیں سرحد کے اُس پار کی جانب سے کی جارہی لگاتارگولہ باری کی وجہ سے عوام کودرپیش مسائل ومشکلات کاتذکرہ کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سینئر ریاستی نائب صدر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہاکہ بی جے پی ۔پی ڈی پی مخلوط سرکار اس ضمن میں کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔سلاتھیہ نے سرحدپارکی طرف سے کی جارہی گولہ باری سے ہوئے نقصانات کاجائزہ لینے کے لئے کیسو، رنگور، کندرال اورمحال شاہ دیہاتوں کادورہ کیااورمتاثرہ لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اورانہیں یقین دلایا کہ پریشانی کی اس گھڑی میں وہ اوران کی جماعت نیشنل کانفرنس ان کے ساتھ ہے اورانہیں درپیش مشکلات کے ازالہ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھائے جائیں گے۔ سلاتھیہ نے بی جے پی۔پی ڈی پی کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں سرحدی علاقوں کے لوگوں کاکوئی بھی پرسان حال نہیں ہے اورسرحدی گولہ باری کی وجہ سے انہیں درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے ریاستی انتظامیہ کاکوئی بھی اہلکاران کی خبرگیری کیلئے نہیں آیا۔سلاتھیہ نے متاثرین کومحفوظ شیلٹرشیڈفراہم کرنے اورسرحدوں کے قریب رہائش پذیرلوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے اورتمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔