عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نےجموں کشمیر سرکار اور پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ رشوت کے حمام میںدونوں بارٹیاں ننگی ہیں۔ حیرانی ہوتی ہے جب ایک پارٹی دوسری حریف پر الزام لگاتی ہے کہ آپ نوکریوں کے معاملے میں رشوت طلب کررہے ہیں۔بخاری نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد جموں و کشمیر میں سب سے بڑا خسارہ گورننس کا ہے، لوگوں کے معمولی کام نہیں ہورہے ہیں، کوئی ذمہ واری نہیں لے رہا ہے، روزگار کے حصول کیلئے نوجوان پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی نااہلی کی وجہ سے گر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے جنہیں منتخب کیا ہے، وہ کم از کم اپنے انتخابی وعدوں میں سے کچھ کو تو پورا کریں۔انکا کہنا تھا کہ حکومت کو تمل ناڈو کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے سبق حاصل کرنا چاہیے، جنہوں نے اپنے اولین ہدایات میں ہر گھر کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ تمل ناڈو وزیر اعلیٰ نے ثابت کر دیا کہ اگر سیاسی عزم ہو تو اس طرح کے اقدامات ممکن ہیں۔ انہوں نے مزید کہاآپ نے عوام سے جھوٹے وعدے اور بلند بانگ دعوے کرکے ووٹ حاصل کیے، لیکن یاد رکھیں کہ یہ جھوٹ اور فریب عوام کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ رہے گا۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے، آپ ہر وقت تمام لوگوں کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ آخرکار عوام آپ کو گمراہ کن منشور اور ادھورے وعدوں کے لیے ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرائیں گے۔