جموں//پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط سرکار کو غریب اور تعمیر و ترقی کی دشمن قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر رمن بھلہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی نااہلی اور حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے گذشتہ تین سال سے ریاست کے عوام گوناگوں مشکلات اور مسائل سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسمان چھو رہی منگائی ، بے روز گاری نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے۔رمن بھلہ روپ نگر ڈگیانہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔میٹنگ کا اہتمام شاشی سیال نے کیا تھا۔اس موقعہ پر ایس ایس دت ، نریندر سنگھ،جگدیش راج سنگھ،پہلوان نریندر کمار،محمد اشرف،سونیل سہگل،اشوک کمار کلسی،جگل کشور،درشن لال،دیپک کمار،کملادیوی،درشن دیوی، جوگندرادیوی، بی ڈی بھگت،شام لال ، سمیت کمار، راجندر سنگھ راجہ،راکیش کمار ،سمیر سنگھ ، لاجو رام اور دیگران موجود تھے۔رمن بھلہ نے کہا کہ جب سے پی ڈی پی ۔ بی جے پی کی مخلوط سرکار نے ریاست میں اقتدار سنبھالا ہے ، امن و قانون کی حالت دن بدن ابتر ہوتی چلی جارہی ہے۔ضلع جموں کے لوگوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی ۔ پی ڈی پی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگ اس مخلوط سرکار سے بدظن ہوگئے ہیں۔