سرینگر//انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے حریت لیڈر محبوس شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کے خلاف حوالہ رقومات کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کردی ہے ۔ای ڈی انفورسمنٹ ڈائریکٹویٹ نے محبوس حریت لیڈر اور فریڈم پارٹی کے صدر شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹربلقیس شاہ کو 2005کے حوالہ رقم کیس میں ملوث قراردیا ہے اور اسلسلے میں بدھ کو ای ڈی نے چارج شیٹ داخل کی ہے ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا 10نومبر کو معاملہ اُٹھائیں گے اور ای ڈی کے خصوصی پبلک پراسکیوٹر این کے مٹا اور راجیو اوستھی نے چارج شیٹ سیشن جج کے سامنے پیش کیا ۔ای ڈی ذرائع نے بتایا کہ بلقیس کے خلاف معقول شواہد موجود ہے ۔ چارج شیٹ سیکشن 4اور 3حوالہ رقومات ایکٹ کے تحت داخل کیا گیا ہے ۔ ای ڈی نے پہلے ہی فریڈم پارٹی کے محبوس صدر شبیر احمد شاہ اور اسلم وانی کے خلاف شارج شیٹ داخل کیا ہے ۔ چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ شبیر احمد شاہ نے اسلم وانی کو اس بات کیلئے قائل کیا تھا کہ وہ دلی میں حوالہ رقم حاصل کرکے انہیں سرینگر میں سونپ دیں گے جس کے عوض انہیں رقم کا کمیشن دیا جائے گا۔ اور 2005میں دائر کئے گئے کیس میں وانی نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ انہوںنے شبیر احمد شاہ کو 2.25کروڑ روپے سرینگر میں دئے تھے اور اس بنیاد پر ای ڈی نے 2007میں شاہ اور وانی کے خلاف پی ایم ایل اے کے تحت مجرمانہ کیس دائر کیا تھا ۔ واضح رہے کہ شبیر احمد شاہ ، نعیم احمد خان، راجہ محراج ، پیر سیف اللہ ، ایاز اکبر،نور محمد کلوال، محمد یاسین ملک اور دیگر حریت لیڈران کو جموں کشمیر میں سرگرم عسکری تنظیموں کو رقومات فراہم کرنے اور جموں کشمیر میں حالات کو خراب کرانے کے الزامات پر گرفتار کرلیا ہے۔ (سی این آئی )