سرینگر// حلقہ انتخاب حبہ کدل میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے کئی ورکروں نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔پیپلز کانفرنس کے بیان کے مطابق عابد بٹ کی قیادت میں ان ورکروں نے کل پارٹی چیرمین سجاد غنی لون کی موجودگی میں پیلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔اس موقعہ پرنئے ورکروںکو خوش آمدید کرتے ہوئے سجاد غنی لون نے کہا کہ این سی اور پی ڈی پی نے تواریخی شہر سرینگر کو نظر انداز کیاجس کی وجہ سے شہر خاص کر حبہ کدل میں لوگ اقتصادی اور سیاسی طور پر کمزور رہے۔ انہوں نے کہا کہ حبہ کدل میں تعمیر و ترقی کا فقدان رہا جس کی وجہ سے یہاں سڑکیں اور گلی کوچے انتہائی ناگفتہ حالت میں ہیں جبکہ لوگوں کو پانی ،بجلی ،صحت اور تعلیم جیسی سہولیات نہیں ہیں ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ماضی کی حکومتیں حبہ کدل میں لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم پہنچانے میں پوری طرح ناکام رہیں ۔انہوں نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ عزم اورحوصلہ افزائی کے ساتھ کام کریں۔