سرینگر// انسانی حقوق کے فورم کے ایک وفد نے یہاں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ایک بیان کے مطابق وفدمیں جسٹس اے پی شا،سابق مصالحت کار رادھا کمار ، اور معروف حقوق اطفال کارکن اناکشی گنگولی بھی شامل تھیں،جبکہ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے کئی سینئررہنما بھی موجودتھے۔اس موقعہ پرجموں کشمیرکی سیاسی صورتحال اورزمینی سطح پرلوگوں کو درپیش مشکلات ،5اگست 2019کے بعد کے حالات ،گزشتہ دوبرس کی غیریقینی صورتحال اور بے چینی خاص طور سے انسانی حقوق کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ڈاکٹر فاروق نے وفد سے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں کشمیرکے عوام کی پاسباں جماعت رہی ہے اور یہ جماعت آج بھی یہاں کے عوام کے حقوق کیلئے برسرجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام اس وقت جمہوریت کے حق سے بھی محروم ہیں اور جمہوریت کے فقدان کا براہ راست منفی اثر عام لوگوں پر پڑ رہا ہے ۔