حضرت مولانا قمر الدین قاسمی کے انتقال پر مولانا شہزاد انوری کا اظہار تعزیت

 پونچھ//جمعیۃ کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور ناظم جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری علیہ الرحمہ شہر پونچھ مولانا شہزاد انوری قاسمی نے حضرت مولانا قمر الدین رحمہ اللہ شیخ الحدیث جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کا انتقال ملی نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سے قبل آپ کے شاگرد بھی ہم سب کو چھوڑ کر علمی فضاء کو سوگوار کرگئے اور آج آپ بھی ہزاروں شاگردوں اور شاگرداؤں کو چھوڑ کر دارالبقاء کی جانب کوچ کر گئے – انھوں نے کہا کہ آپ کی ناگہانی وفات سے سب کی آنکھیں اشکبار ہیں کیونکہ وہ محسن، مربی، مشفق، مہرباں اور ہمہ وقت حوصلہ افزائی کرنے والی شخصیت سے محروم ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ حضرت رحمۃ اللہ جامعہ کے ان مؤسسین میں سے ہیں جنھوں نے اس علمی چمن کی خوب آبیاری کی اور تادمِ حیات کرونا وائرس کی اس وباء اور مشکل گھڑی میں بھی درسِ حدیث دینے کے لیے ٹھٹراتی سردی کے دوران درس گاہ تشریف لاتے رہے –  انھوں نے کہا کہ آپ کی چوالیس سالہ علمی خدمات کا دائرہ ریاست بھر میں آپ کے فیض یافتگان کی صورت میں پھیلا ہوا ہے اور یہ آپ کے لیے عظیم صدقہ جاریہ ہے ۔مولانا انوری نے مادر علمی کے عمید و بانی حضرت مولانا غلام قادر صاحب دامت برکاتہم ،جامعہ کی مجلس شوریٰ، منتظمین اور حضرت الاستاذ کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں پس ماندگان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں جب کہ جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری، حضرت علامہ انورشاہ کشمیری اسلامک انٹر نیشنل اکیڈمی اور جامعہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا للبنات پونچھ کے اساتذہ کرام،معلمات، طلبہ وطالبات اور ملازمین حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے حق میں اظہارِ تعزیت کے کلمات کے ساتھ دعا گو ہیں کہ اللہ پاک انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین اور جامعہ کو مرحوم کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے آمین –
 
 
 

سابق بلاک صدر نیشنل کانفرنس فوت

منجاکوٹ// پرویز خان//منجاکوٹ میں معروف سماجی کارکن وسابق بلاک صدر نیشنل کانفرنس شیخ اقبال کو اپنے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا گیا جن کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کی سیاسی و سماجی کارکنوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم دیندار شخص تھے جنہوں نے ہمیشہ علاقہ کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم رول ادا کیا۔سابق وزیر پیر احمد خان، سابقہ ایم ایل اے محمد اسلم خان ،مظفر حسین خان اور دیگر سیاسی لیڈروں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے  پسماندگان کیساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
 
 
 
 

درہ سانگلہ میں پانی کی ہاہار کار

سرنکوٹ// بختیار حسین//درہ سانگلہ پنچایت کے وارڈ نمبر 6  میں پانی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں لوگ پریشان ہیں اور پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔پائپیں ٹوٹی ہوئیں ہیں لیکن بوسیدہ پائپوں کو کم سے کم مرمت کرنے کے لئے کوئی سامنے نہیں آرہا ہے جبکہ محکمہ آب رسانی خواب غفلت میں ہے۔وارڈ نمبر 6 کے عبدالرشیدنامی شہری نے بتایا کہ جب سے لائن بچھا ئی گئی ،جبھی سے یہی سلسلہ چل رہا ہے جسکی وجہ سے وارڈ نمبر 6 کی عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں ضلع ترقیاتی کمشنر پونھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موقعہ پر  ٹیم بھیج کر انکوائری کرائی جائے اور محکمہ پی ایچ آئی کے ملازمین کو جوابدہ بنایا جائے تاکہ وہ پایپ لائن کی بروقت مرمت کیا کریں اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔
 
 

راجوری میں چرس سمیت شخص گرفتار

 راجوری// راجوری میں جموں و کشمیر پولیس نے چرس کی ایک کھیپ برآمد کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس راجوری چندن کوہلی نے بتایا کہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر راجوری ونود شرما کی نگرانی میں و ایس ایچ او راجوری سمیر جیلانی کی سربراہی میں ایک ٹیم درحالی پل کے علاقے میں معمول کی ناکہ چیکنگ ڈیوٹی پر تھے کہ جب گاڑی 0626۔ JK02BH کو روکنے کا اشارہ کیا گیا۔ اگرچہ کار ڈرائیور نے اپنی گاڑی روک لی لیکن وہ مشکوک سلوک کر رہا تھا جس کے بعد ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے گاڑی کی تلاشی شروع کی جس میں سے چرس کی 252 چلیاں برآمد کی گئی اور برآمد شدہ چرس کی مقدار پانچ کلو پائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی شناخت شیراز احمد ولد مشتاق احمد ساکن ائیتی راجوری کے نام سے ہوئی ہے جس کو گرفتار کرکے ایک معاملہ راجوری تھانے میں درج کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
 
 
 

سینئر کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمان مدن لال شرما انتقال کر گئے 

جموں// سینئر کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمان مدن لال شرما مختصر علالت کے بعد بدھ کی علی الصبح انتقال کر گئے ۔ وہ 68برس کے تھے ۔انہوں نے ضلع ریاسی کے کٹرہ قصبے کے ایک نجی ہسپتال میں زندگی کی آخری سانس لی۔شرما کو کانگریس کی ٹکٹ پر پہلی بار چھمب اسمبلی انتخابی حلقے سے سال 1983میں رکن اسمبلی منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے اسی حلقے سے سال 1987میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔سال 1988 میں وہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط حکومت کے دوران وزیر بھی رہے ۔اسمبلی انتخابی حلقہ اکھنور سے سال 2002 میں کامیابی کا جھنڈا گاڑھ کر شرما کو پی ڈی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت کے دوران وزیر بنایا گیا۔شرما نے جموں- پونچھ حلقے سے دو بار سال 2004اور سال 2009میں منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات بحیثیت کانگریس امیدوار لڑے اور دونوں مرتبہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے ۔تاہم سال 2014کے پارلیمانی انتخابات میں انہیں بی جے پی کے امیدوار جگل کشور نے ہرایا۔دریں اثنا شرما کے انتقال پر سیاسی حلقوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں ایک عوامی لیڈر قرار دیا ہے ۔جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے مدن لال شرما کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرما کی موت پر پارٹی سوگوار ہے ۔سینئر کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے اپنے ایک بیان میں مذکورہ لیڈر کے انتقال پر اظہار رنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرما نے جموں وکشمیر میں کانگریس پارٹی کے مفادات کی آبیاری کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اور عوام کے تئیں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔  
 
 

مشیر فاروق و بصیرخان اور الطاف بخاری کا اظہارتعزیت

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروںفاروق خان اور بصیر خان نے کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق ممبر پارلیمنٹ مدن لال شرما کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغامات میںمشیر وںنے کہا کہ سخت محنتی رہنما کے اِنتقال کے بارے میں سُن کر اُنہیں بہت دُکھ ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مدن لال شرما نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پوری لگن اور محنت سے کام کیا۔مشیروں نے مرحوم کی روح کے اَبد ی سکون کے لئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اِظہار کیاہے۔ادھراپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے مدن لال شرما کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں بخاری نے کہا ہے کہ ’’ مجھے مدن لال جی کی وفات پر انتہائی افسوس ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی فلاح وبہبود کے لئے وقف کر دی، بطور وزیر وہ ہمیشہ خاص طور سے اپنے رائے دہندگان کے لئے دستیاب اور قابل ِرسائی رہے‘‘۔انہوں نے سورگیہ کی روح کی شانتی اور سوگوارا ن ِ کنبہ ، رشتہ داروں، دوست واحباب کو یہ ناقابل تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کی دعا کی ہے۔