سرینگر// بلند پایہ ولی کامل پیرانِ پیر حضرت شیخ سید عبد القادر جیلانیؒ کے سالانہ عرس پاک کی اختتامی تقریب انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی جس کے دوران مساجد ، خانقاہوں اور درگاہوں میں روح پرورمجالس کا اہتمام کیا گیا۔ سب سے بڑی تقریب خانیار میں واقع آستان عالیہ غوث العظم دستگیرؒ میں منعقد ہوئی جہاںدن بھر نعت و منقبت، درودواذکار اور ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ ا س سے قبل رات بھر سینکڑوں عقیدت مند شب خوانی میں محو رہے اورپوری رات درودواذکار اور ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعدہزاروں عقیدت مند تبرکات کی زیارت سے فیضیاب ہوئے ۔ اس موقعہ پر اس وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب درود ازکار کی گونج میں تبرکات کی نشاندہی کی جا رہی تھی۔ سردیکے باوجود سڑکوں، گلی کوچوں میں نماز یوں کی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔ادھر سرائے بالا میں واقع حضرت غوث العظم ؒکی درگاہ میں بھی رات بھر شب خوانی ہوئی اور ملحقہ علاقہ دروودواذکار کی روح پرور اوردلکش آوازوں سے گونجتی رہا۔ نماز جمعہ کے بعد تبرکات کی نشاندہی کی گئی جس کے دوران سینکڑوں لوگ زیارت سے مستفید ہوئے۔اس دوران خانقاہ اکملیہ حول میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے اختتامی عرس کی تقریب پر انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خراج عقیدت میں کہاکہ آنجنابؒ نے پیغمبر اسلام ﷺکے اسوہ حسنہ کے گوشہ و جذبہ کو اس انداز میں تبلیغ کیا کہ زندگی کا ہر شعبہ جذبہ و شوق کے بغیر ادھورا ہے۔ اگر دینی ودنیاوی کاموں میں یہ ملکہ (صفت)پیدا نہ کیاگیا تو ہر کوئی شعبہ بے روح بن جائیگا۔ جس سے دنیا میں خلفشار پیدا ہونے کااندیشہ ہے۔ لہذا دینی ، سیاسی ، مذہبی و روحانی پیشوائوںکے اندر سب سے پہلے جذبہ اور شوق پیدا ہونا ضروری ہے۔ بت ہی وہ پُراستعداد رہنمائی سے بنی نوع انسان کو کامیابی کے منتہی منزل تک پہنچا سکتے ہیں۔ ادھر مسجد غزالی رعناوری میںمر کز ی محمد یہ کے سر پرست اعلیٰ مولانا سلیم جا وید غزالی نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیٰ کے عرس کے سلسلے میںکہاکہ غوث پاکؒ نے ساری زندگی اسلام کی ترویج کیلئے وقف کی تھی۔ انہوںنے کہاکہ حضرت غوث الاعظم ؒ کوخراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ ان کے دئے ہوئے پیغام پر عمل کریں۔ دریں اثنا اختتامی تقریب کے سلسلے میں عالی کدل آثار شریف شہری کلاش پورہ ، جناب صاحب صورہ میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ وادی کے دیگر قصبہ جات جس میں کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ ، اسلام آباد ، خانقاہ فیض پناڈورو، شاہمدان،سیر ہمدان ، تجر شریف سوپور،وچی ، اہم شریف بانڈی پورہ ، بڈگام ، کپوارہ ، بارہمولہ ، ہندوارہ ، شامل ہیں میں بھی روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا ۔ ادھر جموں صوبے کے راجوری ، پونچھ ، کشتواڑ ، ڈوڈہ اور دیگر مسلم علاقوں کے ساتھ لہیہ لداخ میں بھی عرس پاک کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔