سرینگر//خلیفہ سوم سیدناحضرت عثمان غنیؓ کا عرس مبارک (یوم شہادت) آج ۱۸؍ماہ ذی الحج مطابق 9اگست اتوار نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہا ہے۔ مقدس تقریب کے سلسلے میں درگار حضرت بل، آثار شریف شہری کلاش پورہ اور دیگر بقعہ جات میں بڑی بڑی تقاریب منعقدہوا کرتی تھیں اور موئے پاک آنحضورؐ کی نشاندہی بھی ہوتی تھی تاہم امسال کورونا وائرس کے پیش نظر کوئی بھی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاست کے مسلمانوں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ اپنے گناہوں پر نادم ہوکر مسلسل توبہ استغفار میں رہیں اور ربِ کائینات سے بخشش طلب کریں اور موجودہ عالمگیر وباء سے نجات کیلئے بھی خصوصی دعائیں کریں۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے اپنے خراج عقیدت کے پیغام میںکہا کہ خلیفہ سوم ؓ کے امتیازی خصوصیات حبش کی طرف پہلی ہجرت عشرۃ المبشرہ کی جماعت میں شامل اسلام کے عروج کیلئے انفاق مال پر دوبار جنت کی بشارت حضور اقدسؐ کی دو دختر ان ؓ کی زوجیت میں ذوالنورین کے خطاب سے مرکب ، صلح حدیبیہ میں پیغمبر اسلامؐ کی طرف سے سفیر ، بیعت رضوان پر انؓ کی غیر موجودگی میں حضورؐ نے ان کی طرف سے اپنے دست مبارک پر دوسرادست مقدس بطور نیابت ان کی عظمت دوبالا ہوئی۔ پیر روم ، وسعت مسجد نبوی، جیش عسرۃ کیلئے ان کی سخاوت تاریخ اسلام میں آب زر سے رقم کی ہوئی ہے بالخصوص تمام عالم اسلام کو ایک قرأت پر جمع کرکے مسلمانوں کو اتحاد کا پیغام دیا۔