سرینگر// حضرت شیخ نورالدین نورانی ؒ کا سالانہ عرس آج منایا جارہا ہے ۔ وقف بورڈ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کووڈ 19کے پیش نظر اس سال چرار شریف میں شب خوانی کی کوئی تقریب منعقد نہیں ہوگی تاہم نماز پنجگانہ کے بعد تبرکات کی نشاندہی کی جائے گی۔ ادھر نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت شیخ نورالدین نورانیؒ کے عرس پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس ولی کامل نے اپنی مادری زبان کشمیری میں دین اسلام کی نعمت سے ہمیںفیضیاب کیا۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر اورسینئر لیڈرعبدالرحیم راتھر نے بھی عقیدتمندوں کو عرس پر مبارکباد دپیش کی ہے۔دریں اثناء حقانی میموریل ٹرسٹ نے گلہائے عقیدت پیش کرنے کی نسبت سے ایک آن لائین کانفرنس کا انعقاد کیاجس میں کئی علما اور دانشوروں نے شرکت کی ۔کانفرنس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ نے کی جبکہ مولانا اسداللہ مصباحی مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شریک مجلس رہے ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سیدحمید اللہ حقانی ،مولانا شوکت حسین کینگ اوردیگر علماء نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایام ہمیں اس محسن اعظم کی ان عظیم خدمات کی یاددلاتی ہیں جو انہوں نے پرآشوب دورمیں کشمیر اور بیرون کشمیر سرانجام دیں۔