سرینگر//محکمہ بجلی کی مبینہ لاپرواہی اور غفلت شعاری کے نتیجے میںبدھ کو سرینگر میں ایک عارضی ملازم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔سرینگر کے حضرت بل سے ملحقہ علاقہ ملہ باغ میں صبح سات اور آٹھ بجے کے درمیان محلہ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کی ترسیلی لائینوں کی مرمت کے دوران محکمہ بجلی میں تعینات ایک عارضی ملازم طارق احمد ڈار ولد غلام رسول ساکن ملہ باغ اس وقت کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب ریسوینگ اسٹیشن میں موجود ملازمین نے اچانک بجلی سپلائی بحال کردی۔عینی شاہدین کے مطابق رات کو ٹرانسفارمر میں کوئی نقص پیدا ہوا تھا جس کو ٹھیک کرنے کے لئے مقامی ملازم صبح ہی ٹرانسفارمر پر چڑھ کر کام میں مصروف ہوگیا۔بتایا جاتا ہے کہ اس سے پہلے محکمہ کو برقی رو منقطع کرنے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ابھی طارق احمد ڈار نامی ملازم ٹرانسفارمر پر کام میں ہی مصروف تھاکہ علاقے کی بجلی سپلائی اچانک بحال کی گئی جس وجہ سے وہ کرنٹ لگنے سے گر پڑا۔ اگرچہ اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔معاملے کی نسبت پولیس اسٹیشن نگین حضرت بل میں کیس درج کرکے تحقیقاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔