سرینگر//صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران حضرت بل میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا۔ناظم صحت ڈاکٹر سلیم الرحمان، ناظم سیاحت محمود شاہ، ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر موہن سنگھ کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے کام میں سرعت لائیں۔ انہوں نے پی ڈی ڈی حکام سے کہا کہ وہ حلقہ کے اندرونی علاقوں میں سٹریٹ لائٹس جلد از جلد نصب کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام خراب پڑے ٹرانسفارمروں کی جلداز جلد مرمت کی جانی چاہئے تا کہ لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے تیل بل پُل کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایات دیں۔ انہوں نے حضرت بل۔ بثرھ پورہ سڑک پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ اسے موسم سرما سے پہلے مکمل کیا جاسکے۔ناظم سیاحت سے کہا گیا کہ وہ نگین کلب کی جاذبیت کو بڑھانے کے کام کو ہاتھ میں لیں۔ انہوں نے این ایف آر سڑک پر سائیکل ٹریک قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔