حزب المجاہدین سے وابستہ 4 بالائی ورکروں کی گرفتاری کا دعویٰ

کشتواڑ//سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ میں حزب المجاہدین کے چار بالائی زمین ورکروں کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔جمعرات کو کشتواڑ میں سیکورٹی فورسز مشترکہ پارٹیاں جن میں پولیس، فوج کی 17آر آر و سی آرپی ایف 52بٹالین کی ٹیمیں شامل تھیں، کشتواڑ کے ڈول دھر جنگل علاقے میں معمول کی مطابق گشت پر تھیں جس دوران سیکورٹی فورسز نے چار افراد کو ڈول علاقہ کے دھر جنگل کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا جنہوں نے سیکورٹی فورسز کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی اور فورسز نے انھیں پکڑکر حراست میں لیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ پر انکی شناخت شفیع بکروال ولد میر خان ساکنہ پیاس پدیارنہ ، فرید احمد ولد حاجی خان، زبیر احمد ولد محمد شفیع ساکنہ پیاس پدیارنہ و اسماعیل ولد پیریہ ساکنہ چھیچہ ناگسینی کے طور ہوئی۔ ان کی تلاشی کے دوران ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا جس میں یو بی جی ایل کے 2 گرینیڈ، اے کے 47 کے 120 لائیو راؤنڈ، اے کے 47 رایفل کی 2  خالی میگزین و کالعدم تنظیم حزب المجاہدین کے پوسٹر بھی شامل ہیں۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ زیر نمبر 35/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن کشتواڑ میں درج کیااور معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔