پونچھ+نوشہرہ+کپوارہ//حد متارکہ پر گزشتہ سات دنوں سے ہند وپاک افواج کے مابین گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ۔بدھ کے روز پونچھ کے گلپور اور راجوری کے نوشہرہ سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جس کے دوران اگرچہ کوئی جانی نقصان تو نہیں ہواالبتہ مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ۔ گلپور میں ہندو پاک افواج کے درمیان گزشتہ سات روز سے زبردست گولہ باری کا تبادلہ چل رہا ہے اور بدھ کے روز بھی فائرنگ اور گولہ باری ہوئی۔ پاکستانی فوج نے صبح آٹھ بجے سے پونچھ کے گلپور سیکٹر میں شدید گولہ باری کی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ۔ گولہ باری کا یہ سلسلہ گیارہ بجے تک جاری رہا۔دریں اثناء نوشہرہ سیکٹر میں دونوں ممالک کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری ہوئی اور اس دوران چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیاگیا ۔ ذرائع نے بتایاکہ کلال ، ڈھینگ ، کلائی وغیرہ میں کشیدگی پائی جارہی ہے اور بدھ کے روز دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے پونے تین بجے تک فائرنگ اور گولہ باری ہوئی ۔ لوگوں میں خوف پایاجارہاہے اور وہ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔ادھرحد متارکہ پر واقع کیرن سیکٹرمیں آ ر پار گولہ باری کی گئی ۔ کپوارہ کے کیرن علاقہ میں بدھ کو سکون تھا کہ اس دوران اچانک گولیو ں کی آوازیں سنائی دیں اور بعد میں زبردست گولہ باری ہوئی ۔ آ ر پار گولہ باری کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس کے نتیجے میں مقامی لوگو ں میں تشویش کی لہر دو ڈ گئی اور لوگ اپنے ہی گھرو ں می سہم کر رہ گئے ۔شام تک گولہ باری کس سلسلہ جاری تھا ۔ادھرپاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر شاہ کوٹ سیکٹر میں فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے تازہ واقعے میں بھارتی فوج نے شاہ کوٹ سیکٹر میں سولین آبادی کو ہدف بناتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور ایک زخمی ہوگئی۔