کپوارہ+نوشہرہ//سر حدی ضلع کپوارہ میں حد متارکہ پر ترہگام سیکٹر میں بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترہگام کے جمہ گنڈ علاقہ میںحد متارکہ پر’ سمپل پوسٹ‘ کے نزدیک دوران شب ایک زور دار دھماکہ ہوا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آ یا جب فوج کی ایک گشتی پارٹی گزر رہی تھی ۔دھماکہ سے ایک اہلکار زخمی ہوا، جسکی شناخت بھوپن چتری کے بطور ہوئی ہے۔زخمی اہلکار کو درگمولہ فوجی اسپتال میں بھرتی کیا گیاجسے بعد میں با دامی باغ فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ادھرراجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک عام شہری زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ راجوری میں لائن آف کنٹرول پر کلسیاں گاؤں میں پیر کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا۔انہوں نے زخمی کی شناخت رام سروپ ساکن کلسیاں کے بطور کی ہے۔ادھرجموں کے مضافاتی علاقہ میران صاحب میں مدراس رائفل سے وابستہ فوجی اہلکار ٹی اشوک کمار نے مبینہ طور اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کی۔ مہلوک فوجی اہلکار جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم کا رہنے والا تھا۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔